نیویارک(ویب ڈیسک): امریکہ میں نئی انتظامیہ کے زیرِ انتظام کام کرنے والی مشہور سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک نے اتوار کے روز اعلان کیا ہے کہ گزشتہ ہفتے پیدا ہونے والے تکنیکی تعطل کے بعد اب سروسز مکمل طور پر بحال کر دی گئی ہیں۔ امریکہ میں ٹک ٹاک کے صارفین کی تعداد 220 ملین سے زائد ہے۔
کمپنی کے مطابق سروسز میں تعطل کی اصل وجہ گزشتہ ہفتے آنے والا شدید برفانی طوفان تھا۔ اس طوفان کے باعث اوریکل (Oracle) کے زیرِ انتظام چلنے والے ڈیٹا سینٹر میں بجلی منقطع ہو گئی تھی، جس سے نیٹ ورک اور اسٹوریج کے مسائل پیدا ہوئے اور ہزاروں سرورز متاثر ہوئے۔ اس فنی خرابی کی وجہ سے صارفین کو ویڈیوز پوسٹ کرنے، سرچ کرنے اور لائکس یا ویوز کی درست تعداد دیکھنے میں دشواری کا سامنا تھا۔
یاد رہے کہ جنوری میں ٹک ٹاک کے امریکی آپریشنز کے لیے ایک علیحدہ ادارے کی تشکیل کا عمل مکمل کیا گیا تھا۔ نئے معاہدے کے تحت ایک امریکی سرمایہ کار کنسورشیم “TikTok USDS” کے پاس اب کمپنی کے 80 فیصد حصص ہیں، جبکہ بائٹ ڈانس (ByteDance) کے پاس بقیہ 20 فیصد ملکیت ہے۔
ٹک ٹاک کی سروسز میں خرابی اور ملکیت کی منتقلی کے دوران دیگر سوشل میڈیا ایپس کی مقبولیت میں اچانک اضافہ دیکھا گیا۔
مارک کیوبن کی حمایت یافتہ شارٹ ویڈیو ایپ ‘اسکائی لائٹ’ کے صارفین کی تعداد ایک ہفتے میں 3 لاکھ 80 ہزار سے تجاوز کر گئی۔
فلسطینی نژاد ٹیکنالوجسٹ عصام حجازی کی ایپ ‘اپ اسکرولڈ’ (Upscrolled) امریکی ایپ اسٹور کی درجہ بندی میں دوسرے نمبر پر آ گئی۔ اعداد و شمار کے مطابق، ٹک ٹاک ڈیل کے فائنل ہونے کے چند ہی دنوں میں اسے 41 ہزار بار ڈاؤن لوڈ کیا گیا۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اب تمام فیچرز معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں اور تخلیق کاروں (Creators) کو درپیش ویوز کے مسائل بھی حل کر دیے گئے ہیں۔
