نیویارک: پاکستانی امریکن کمیونٹی کی نمائندہ تنظیم “پاکولی” (PACOLI) کے تحت نیویارک میں ایک پروقار تعزیتی اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں کراچی کے گل پلازہ واقعے کے متاثرین اور شہداء کے لواحقین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔
شرکاء نے شمعیں روشن کر کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کی یاد تازہ کی۔
اس تقریب کے انعقاد میں پاکولی کے بانی بشیر قمر، صدر عتیق قادری، صفدر ہمایوں قریشی اور شاہد رانجھا نے کلیدی کردار ادا کیا۔

اجلاس میں پاکستان قونصلیٹ کے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی عبدالطیف، معروف سکالر سید تصور الحسن شاہ گیلانی، ناسا کاؤنٹی کے نمائندگان عون نقوی اور عذرا ڈار سمیت کمیونٹی کی اہم شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران مقررین نے سانحہ گل پلازہ کو ایک عظیم انسانی المیہ قرار دیا. شاہد رانجھا (سیکرٹری جنرل): انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی کمیونٹی اس وقت سوگوار ہے اور غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔
عبدالطیف کمیونٹی اتاشی نے ‘پاکولی’ کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کا اپنے ہم وطنوں کے دکھ کو محسوس کرنا قابلِ قدر ہے۔

تصور الحسن شاہ گیلانی نے واضح کیا کہ ہزاروں میل دور بیٹھ کر اس تقریب کا انعقاد اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانیوں کے دل اپنے وطن کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔

تقریب کے اختتام پر سید تصور الحسن شاہ گیلانی نے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی خصوصی دعا کروائی۔ شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مشکل کی اس گھڑی میں وہ اپنے متاثرہ بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
