لاہور(ویب ڈیسک): امریکا اور پاکستان کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلیمی تعلقات کے تناظر میں قونصل جنرل اسٹیٹسن سینڈرز نے یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد (UAF) کے وائس چانسلر سے ملاقات کی، جس میں زرعی تعلیم اور تحقیق کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران امریکا اور پاکستان کے درمیان زرعی شعبے میں شراکت داری کو فروغ دینے پر زور دیا گیا، خاص طور پر یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد اور یونیورسٹی آف فلوریڈا (UF) کے درمیان اسمارٹ فارمنگ منصوبوں سے متعلق حالیہ اشتراکِ عمل کو آگے بڑھانے پر بات چیت کی گئی۔
فریقین کا کہنا تھا کہ اس طرح کے تعلیمی اور تحقیقی تعاون نہ صرف زرعی تعلیم کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے بلکہ جدید کاشتکاری ٹیکنالوجیز کے ذریعے غذائی تحفظ جیسے اہم چیلنجز سے نمٹنے میں بھی مؤثر کردار ادا کریں گے۔
ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی شراکت داری مستقبل میں زرعی ترقی اور پائیدار خوراک کے نظام کے قیام کے لیے مزید مضبوط کی جائے گی۔
