ایران میں مظاہرین پر تشدد: اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا اظہارِ تشویش،

ایرانی پارلیمنٹ نے سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی ہلاکتوں کی بھی اطلاع دی ہے۔

Editor News

نیویارک/تہران(ویب ڈیسک) اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے ایران بھر میں جاری احتجاجی مظاہروں کے دوران ایرانی حکام کی جانب سے مبینہ تشدد اور طاقت کے بے جا استعمال کی رپورٹس پر شدید صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ایران میں رابطوں کے ذرائع (کمیونیکیشن) کی فوری بحالی اور تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا ہے۔

اتوار کو جاری ہونے والے ایک بیان میں سیکرٹری جنرل کے ترجمان نے کہا:”تمام ایرانیوں کو اس بات کی اجازت ہونی چاہیے کہ وہ بلا خوف و خطر اور پرامن طریقے سے اپنے مطالبات پیش کر سکیں۔ بین الاقوامی قانون کے مطابق اظہارِ رائے کی آزادی، اجتماع اور پرامن احتجاج کے حقوق کا مکمل احترام اور تحفظ کیا جانا چاہیے۔”

انتونیو گوتیرس نے ایرانی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور غیر ضروری یا غیر متناسب طاقت کے استعمال سے گریز کریں۔

ایران میں 8 جنوری کی شام کو انٹرنیٹ اور موبائل سروسز بند کر دی گئی تھیں، جس سے تشدد میں اضافے کے دوران معلومات تک رسائی شدید متاثر ہوئی۔ اقوامِ متحدہ نے ان مواصلاتی رابطوں کو فوری بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ عوام کو معلومات مل سکیں۔

ایران میں احتجاج کا سلسلہ 28 دسمبر کو ملکی کرنسی کی اچانک قدر گرنے کے بعد شروع ہوا، جو اب ملک کے کم از کم 46 شہروں تک پھیل چکا ہے۔

ان مظاہروں میں اب تک درجنوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں کم از کم پانچ بچے بھی شامل ہیں۔

ایرانی پارلیمنٹ نے سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی ہلاکتوں کی بھی اطلاع دی ہے۔

یہ بے چینی اب اپنے تیسرے ہفتے میں داخل ہو چکی ہے، اور عالمی برادری ایران میں انسانی حقوق کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔

Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *