میئر زہران ممدانی کی 15 ہزار نرسوں کی ہڑتال میں شرکت، حقوق کی مکمل حمایت کا اعلان

انہوں نے مزید واضح کیا کہ نرسوں کے مطالبات بالکل جائز ہیں اور وہ "کوئی کروڑوں ڈالر کی تنخواہ نہیں مانگ رہیں۔"

Atif Khan

نیویارک سٹی : نیویارک کے نو منتخب میئر زہران ممدانی پیر کی صبح ہڑتال پر بیٹھی 15,000 سے زائد نرسوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے احتجاجی لائن (Picket Line) میں شامل ہو گئے۔ یہ ہڑتال تنخواہوں میں اضافے، عملے کی کمی اور کام کے بہتر ماحول کے مطالبات کو لے کر شروع کی گئی ہے۔

نرسوں کی یہ ہڑتال پیر کی صبح 6 بجے شروع ہوئی جس میں شہر کے بڑے ہسپتالوں بشمول ماؤنٹ سینائی (Mount Sinai)، ماؤنٹ سینائی مارننگ سائیڈ اینڈ ویسٹ، مونٹی فیور (Montefiore)، اور نیویارک-پریسبیٹیرین (NewYork-Presbyterian) کے عملے نے حصہ لیا۔

صبح تقریباً 10 بجے نرسوں کے درمیان پہنچ کر میئر زہران ممدانی نے مشکل حالات میں نرسوں کے کلیدی کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر منصفانہ معاہدہ کریں، تاہم انہوں نے نرسوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی قدر و قیمت سے کم کسی بھی بات پر سمجھوتہ نہ کریں۔

میئر ممدانی کا کہنا تھا:”نیویارک شہر کے ہر تاریک دور میں نرسوں نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر خدمات انجام دیں۔ ان کی اہمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا اور نہ ہی یہ بحث کا موضوع ہے۔ یہ نرسیں نیویارک کے شہریوں کے لیے یہاں کھڑی ہیں… اور بدلے میں وہ صرف عزت، احترام، منصفانہ تنخواہ اور بہتر سلوک کا مطالبہ کر رہی ہیں۔”

انہوں نے مزید واضح کیا کہ نرسوں کے مطالبات بالکل جائز ہیں اور وہ “کوئی کروڑوں ڈالر کی تنخواہ نہیں مانگ رہیں۔”

نرسوں کے مطالبات
نیویارک اسٹیٹ نرسز ایسوسی ایشن (NYSNA) کے اہم مطالبات میں
تنخواہوں میں خاطر خواہ اضافہ، نرسوں اور مریضوں کے تناسب کو بہتر بنانے کے لیے عملے کی تعداد میں اضافہ، مکمل ہیلتھ کیئر فوائد اور پنشن۔
اورکام کی جگہ پر تشدد کے خلاف تحفظ شامل ہیں۔

دوسری جانب ہسپتالوں کا دعویٰ ہے کہ وہ ہڑتال کے دوران خدمات جاری رکھنے کے لیے اضافی عملے کے ساتھ تیار ہیں۔ ماؤنٹ سینائی کے ترجمان نے نرسوں کے مطالبات کو “غیر معمولی” (Extreme) قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے 1,400 متبادل نرسوں کا انتظام کر رکھا ہے تاکہ مریضوں کی دیکھ بھال متاثر نہ ہو۔

Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *