نیو یارک: نیو یارک کے میئر منتخب زوہران مامدانی نے اپنی آئندہ انتظامیہ میں فائر ڈیپارٹمنٹ آف نیو یارک (FDNY) کی نئی کمشنر کے طور پر ریٹائرڈ ای ایم ایس چیف للیئن بون سائنور کے تقرر کا اعلان کر دیا ہے۔
منگل کے روز کیے گئے اعلان کے مطابق للیئن بون سائنور 31 سال تک ایف ڈی این وائی سے وابستہ رہیں اور 2019 سے 2022 تک ای ایم ایس چیف کے فرائض انجام دیتی رہیں۔ وہ 11 ستمبر 2001 کو ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر ہونے والے دہشت گرد حملے کے دوران ابتدائی امدادی کارکنوں میں شامل تھیں۔
ریٹائرمنٹ کے بعد للیئن بون سائنور ایک کنسلٹنگ گروپ میں سینئر ایڈوائزر کے طور پر خدمات انجام دیتی رہیں۔ یکم جنوری کو زوہران مامدانی کے حلف اٹھانے سے قبل موجودہ میئر ایرک ایڈمز نے مارک گیرا کو عبوری ایف ڈی این وائی کمشنر مقرر کیا ہے۔
اسی دوران میئر منتخب نے پیر کے روز سیم لیوائن کو نیو یارک سٹی کے ڈیپارٹمنٹ آف کنزیومر اینڈ ورکر پروٹیکشن کا نیا کمشنر مقرر کرنے کا اعلان بھی کیا۔
زوہران مامدانی کے عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ دوسرا موقع ہوگا جب ایف ڈی این وائی اور این وائی پی ڈی دونوں کی قیادت خواتین کے پاس ہوگی، کیونکہ این وائی پی ڈی کمشنر جیسیکا ٹش اپنے عہدے پر برقرار رہیں گی۔
للیئن بون سائنور نے کہا:“میرا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ ایف ڈی این وائی کا ہر رکن محفوظ اور مؤثر انداز میں اپنے فرائض انجام دینے کے لیے تمام ضروری وسائل اور بہتر ماحول حاصل کرے۔”
زوہران مامدانی نے کوئنز کے فورٹ ٹاٹن پارک میں اعلان کے موقع پر کہا:
“ایف ڈی این وائی ایک ایسے رہنما کی حق دار ہے جو اس کام کی قدر کرتا ہو، کیونکہ اس نے خود یہ خدمات انجام دی ہیں۔ مجھے فخر ہے کہ وہ میری ٹیم کا حصہ ہوں گی۔”
للیئن بون سائنور نے کہا کہ وہ اس ذمہ داری کو سنبھالنے پر بے حد اعزاز محسوس کر رہی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ فائر اور ای ایم ایس کو الگ الگ محکموں میں تقسیم کرنے کے حق میں نہیں ہیں۔
نومنتخب کمشنر کے مطابق انصاف، برابری اور منصفانہ تنخواہ ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہوں گی۔للیئن بون سائنور نیو یارک سٹی فائر ڈیپارٹمنٹ کی قیادت کرنے والی پہلی کھلے عام ہم جنس پرست خاتون بھی ہوں گی۔
