کوئنزمیں رہائشی عمارت میں ہولناک آگ لگ گئی

آگ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اسے 'فائیو الارم' قرار دے دیا گیا

Editor News

نیویارک (ویب ڈیسک):نیویارک کے علاقے کوئنز میں منگل کی صبح ایک رہائشی عمارت میں لگی ہولناک آگ کے نتیجے میں 5 فائر فائٹرز اور ایک شہری زخمی ہو گئے، جبکہ 30 خاندان بے گھر ہو گئے ہیں۔

محکمہ فائر سروس (FDNY) کے مطابق آگ کوئنز کے علاقہ’میڈیسن اسٹریٹ’ کی عمارت نمبر 1824 میں صبح ساڑھے تین بجے کے قریب لگی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اسے ‘فائیو الارم’ قرار دے دیا گیا۔

ایف ڈی این وائی کے چیف جان ایسپوزیٹو نے میڈیا کو بتایا کہ آگ عمارت کی پہلی منزل سے شروع ہوئی اور تیزی سے چھت تک پہنچ گئی، جس کے باعث عمارت کی چھت گر گئی۔ اس آپریشن میں 270 سے زائد امدادی اہلکاروں نے حصہ لیا۔

عمارت میں مقیم ایک 68 سالہ شخص زخمی ہوا جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔

امدادی کارروائی کے دوران ایک فائر فائٹر اس وقت زخمی ہوا جب اوپر سے ایئر کنڈیشننگ یونٹ ان پر آ گرا۔ مجموعی طور پر 5 اہلکار اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔

کوئنز کے بورو پریذیڈنٹ ڈونووان رچرڈز نے تصدیق کی ہے کہ کم از کم 30 خاندان اس آتشزدگی کی وجہ سے بے گھر ہوئے ہیں۔ نیویارک سٹی کے نو منتخب میئر زہران ممدانی نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور متاثرین کی امداد کے لیے ریڈ کراس کے تعاون سے پبلک اسکول 239 میں کمانڈ سینٹر قائم کرنے کا اعلان کیا۔

میئر زہران ممدانی نے فائر فائٹرز کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا:
“یہ اس سال کا دوسرا ‘فائیو الارم’ واقعہ ہے، اور ہم جانتے ہیں کہ یہ ان بہادروں کی بدولت ہے جو آگ کی طرف لپکتے ہیں تاکہ نیویارک کے شہری حفاظت کی طرف بھاگ سکیں۔”

آگ کے شعلے پڑوس کی عمارتوں تک بھی پھیل گئے تھے، جس کی وجہ سے بلاک کی چار دیگر عمارتوں کو خالی کروانا پڑا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ عمارتیں ایک دوسرے کے بہت قریب ہونے کی وجہ سے آگ تیزی سے پھیلی، تاہم فائر ڈپارٹمنٹ کی بروقت کارروائی نے اسے مزید تباہی سے روک لیا۔

Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *