فورٹ بینڈ کاؤنٹی، ٹیکساس: فورٹ بینڈ کاؤنٹی کمشنر پریسنٹ 4 کے امیدوار ہارون مغل کی انتخابی مہم کے سلسلے میں “فرینڈز آف ہارون مغل” کی جانب سے ایک پروقار اور پرہجوم “میٹ اینڈ گریٹ” تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
اس اہم سیاسی و سماجی تقریب کی میزبانی ڈاکٹر نجمہ اعجاز اور مس خان نے کی، جس میں کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے ہارون مغل کی حمایت کا یقین دلایا۔ تقریب کی کامیابی میں انعام مغل اور کِریو کیفے (Crave Café) نے کلیدی کردار ادا کیا جنہوں نے اس معنی خیز نشست کی میزبانی کے فرائض انجام دیے۔
تقریب کی خاص بات ڈسٹرکٹ کلرک مس بیورلی واکر کی شرکت تھی، جنہوں نے اپنی موجودگی سے تقریب کو رونق بخشی اور امیدوار کی حوصلہ افزائی کی۔

اس موقع پر حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے ہارون مغل نے کہا:”گزشتہ 16 سالوں سے میں فورٹ بینڈ کاؤنٹی کے عوام کی زمینی سطح سے لے کر قیادت تک خدمت کر رہا ہوں۔ جب لوگ اپنے کیریئر اور ذاتی کاموں میں مصروف تھے، تب میں نے عوامی خدمت کا راستہ چنا۔ میں خود کو سیاستدان نہیں بلکہ ایک عوامی خادم سمجھتا ہوں جو بلا تفریق رنگ و نسل ہر آواز کی نمائندگی کرنا چاہتا ہے۔”

ہارون مغل نے مزید کہا کہ وہ فورٹ بینڈ کو گزشتہ 15 سالوں سے اپنا گھر مانتے ہیں اور ان کا مقصد ایک ایسا مضبوط مستقبل تعمیر کرنا ہے جہاں ہر شہری کی رسائی اپنے نمائندے تک ممکن ہو۔ انہوں نے کمیونٹی سے دعاؤں اور بھرپور تعاون کی اپیل کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ منتخب ہو کر عوام کے درمیان رہ کر کام کریں گے۔
