انتخابات سے قبل ریلیف؟ ٹرمپ نے فرنیچر ٹیرِف مؤخر کرنے کا اعلان

صدر ٹرمپ اس سے قبل فرنیچر پر ٹیکس کو امریکی صنعت کے تحفظ اور قومی سلامتی کے فروغ کے لیے ضروری قرار دے چکے ہیں۔

Editor News

واشنگٹن(ویب ڈیسک): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بڑھتی ہوئی مہنگائی اور زندگی کے اخراجات سے متعلق خدشات کے پیشِ نظر فرنیچر اور کچن مصنوعات پر عائد کیے جانے والے مجوزہ ٹیکس (ٹیرِف) ایک سال کے لیے مؤخر کرنے کا اعلان کیا ہے۔

صدر ٹرمپ نے بدھ کی شب، نیو ایئرز ایو کی تعطیلات کے دوران ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کیے، جس کے تحت کچن کیبنٹس اور وینٹیز پر مجوزہ 50 فیصد جبکہ اپہولسٹرڈ فرنیچر پر 30 فیصد ٹیکس عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔ تاہم، ستمبر میں عائد کیا گیا 25 فیصد ٹیرِف بدستور برقرار رہے گا۔

صدر ٹرمپ اس سے قبل فرنیچر پر ٹیکس کو امریکی صنعت کے تحفظ اور قومی سلامتی کے فروغ کے لیے ضروری قرار دے چکے ہیں۔

سروے رپورٹس کے مطابق امریکہ میں مہنگائی اور بڑھتے ہوئے اخراجاتِ زندگی عوام کے لیے ایک بڑا مسئلہ بن چکے ہیں، خاص طور پر ایسے وقت میں جب ملک نومبر 2026 میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات (Midterm Elections) کی طرف بڑھ رہا ہے۔

متعدد ووٹرز کا ماننا ہے کہ صدر ٹرمپ کی پالیسیاں، خصوصاً درآمدی ٹیکس، موجودہ معاشی مشکلات کی بڑی وجہ ہیں۔ دسمبر میں جاری ہونے والے پولیٹیکو کے ایک سروے کے مطابق، 30 فیصد افراد نے مہنگائی کی بنیادی وجہ ٹیرِف کو قرار دیا، جبکہ 32 فیصد نے معیشت کی موجودہ صورتحال کا مکمل ذمہ دار صدر ٹرمپ کو ٹھہرایا۔

سروے میں شامل اکثریت نے مہنگائی اور اخراجاتِ زندگی کو ملک کا سب سے بڑا مسئلہ قرار دیا، جبکہ 32 فیصد افراد نے مجموعی معاشی صورتحال کو اہم تشویش بتایا۔ ڈیموکریٹک سیاست دان اس معاملے پر ٹرمپ اور ری پبلکن پارٹی کو شدید تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں، تاہم صدر ٹرمپ نے ان خدشات کو سیاسی مخالفین کا “جھوٹا پروپیگنڈا” قرار دیا ہے۔

ادھر اٹلی کی وزارتِ خارجہ نے جمعرات کو اعلان کیا کہ امریکہ نے اطالوی پاستا تیار کرنے والی 13 کمپنیوں پر مجوزہ درآمدی ٹیکس میں بھی نمایاں کمی پر اتفاق کیا ہے۔

اس سے قبل ٹرمپ انتظامیہ نے ان کمپنیوں پر یورپی یونین کی مصنوعات پر موجودہ ٹیکس کے علاوہ 92 فیصد اضافی ٹیرِف عائد کرنے کی دھمکی دی تھی۔

اطالوی وزارتِ خارجہ کے مطابق، امریکی محکمۂ تجارت نے دو اطالوی کمپنیوں لا مولیسانا (La Molisana) اور گارو فالو (Garofalo) پر ٹیکس کم کر کے بالترتیب 2.26 فیصد اور 13.98 فیصد کرنے کی منظوری دی ہے، جبکہ دیگر کمپنیوں پر 9.09 فیصد ٹیکس لاگو ہوگا۔

اطالوی وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں کہا:”ٹیکس کی نئی شرح اس بات کا ثبوت ہے کہ امریکی حکام ہماری کمپنیوں کے تعمیری تعاون کو تسلیم کر رہے ہیں۔”

Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *