نیویارک: نیویارک کےنؤمنتخب میئر زوہران ممدانی نےقرآن ِ پاک پر بطور پہلے مسلم میئر ہونےکاحلف اٹھالیا۔
نصف شب سے کچھ دیر قبل، میئر الیکٹ زوہران ممدانی نے ایک نجی تقریب میں اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔ اس تقریب میں ان کے اہلِ خانہ اور نیویارک کی اٹارنی جنرل لیٹیشیا جیمز شریک تھیں۔
حلف برداری کی یہ تقریب اولڈ سٹی ہال سب وے اسٹیشن میں منعقد ہوئی، جو نیویارک کے اولین سب وے اسٹیشنز میں سے ایک ہے اور 1904 میں تعمیر کیا گیا تھا۔
اسٹیشن کی سیڑھیوں پر کھڑے ہو کر زوہران ممدانی نے اپنی اہلیہ راما دواجی کے ہاتھ میں موجود قرآن پاک پر حلف لیا۔ حلف برداری کے فوراً بعد انہوں نے مائیک فلن کو محکمۂ ٹرانسپورٹیشن (DOT) کا کمشنر مقرر کرنے کا اعلان کیا۔ مائیک فلن اس سے قبل تقریباً دس برس تک ڈیپارٹمنٹ آف ٹرانسپورٹیشن میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔
واضح رہے کہ اولڈ سٹی ہال اسٹیشن وہ تاریخی مقام ہے جہاں نیویارک کی پہلی سب وے سواری کا آغاز ہوا تھا، تاہم اس اسٹیشن کو 1945 میں بند کر دیا گیا تھا۔
لینڈمارکس کنزرویسی کی صدر پیگ برین نے اس موقع پر کہا:
“یہ اسٹیشن اس بات کی شاندار یاد دہانی ہے کہ کس طرح عوامی مقامات کو خوبصورت ڈیزائن کے ذریعے شہریوں کے احترام کے ساتھ تعمیر کیا جاتا تھا۔”
بعد ازاں جمعرات کی دوپہر، زوہران ممدانی سٹی ہال کے باہر ایک عوامی تقریب میں دوبارہ اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ اس تقریب میں ان کے انتخابی اتحادی اور معروف امریکی سینیٹر برنی سینڈرز بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔ تقریب میں شرکت کے لیے آن لائن رجسٹریشن (RSVP) لازمی قرار دی گئی ہے، جبکہ شرکت عوام کے لیے مفت ہوگی۔
