دبئی(ویب ڈیسک): فیفا کے صدر گیانی انفینٹینو نے 2026 کے ورلڈ کپ کے لیے ٹکٹوں کی بلند قیمتوں کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی مانگ میں غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا ہے، جو فٹ بال کی عالمی مقبولیت کا ثبوت ہے۔
دبئی میں جاری ‘ورلڈ اسپورٹس سمٹ’ کے دوران پیر کو گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے انکشاف کیا کہ محض 15 دنوں کے اندر فیفا کو ٹکٹوں کے لیے 15 کروڑ (150 ملین) درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔
انفینٹینو نے اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے بتایاروزانہ اوسطاً ایک کروڑ ٹکٹ درخواستیں موصول ہو رہی ہیں۔فیفا کے پاس فروخت کے لیے صرف 60 سے 70 لاکھ ٹکٹ دستیاب ہیں۔
انہوں نے حیرت انگیز موازنہ پیش کرتے ہوئے کہا”ورلڈ کپ کی تقریباً 100 سالہ تاریخ میں فیفا نے اب تک مجموعی طور پر 4.4 کروڑ ٹکٹ فروخت کیے ہیں۔ لیکن اب صرف دو ہفتوں میں ہمیں اتنی درخواستیں ملی ہیں کہ ہم 300 سال کے ورلڈ کپ بھر سکتے ہیں۔ یہ بالکل دیوانگی ہے۔”
سب سے زیادہ درخواستیں امریکہ سے موصول ہوئیں، جس کے بعد جرمنی اور برطانیہ کا نمبر آتا ہے۔
فین گروپس کی جانب سے ٹکٹوں کی قیمتوں کو 2022 کے قطر ورلڈ کپ کے مقابلے میں کئی گنا مہنگا قرار دے کر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اس پر فیفا نے حال ہی میں اہل ٹیموں کے شائقین کے لیے 60 ڈالر کا سستا ٹکٹ ٹیر بھی متعارف کرایا ہے۔
انفینٹینو کا کہنا تھا کہ اس سے حاصل ہونے والی تمام آمدنی پوری دنیا میں فٹ بال کے فروغ پر دوبارہ خرچ کی جائے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ”فیفا کے بغیر دنیا کے 150 ممالک میں فٹ بال کا وجود نہیں ہوتا۔ یہ کھیل اس لیے زندہ ہے کیونکہ ہم ورلڈ کپ سے ہونے والی آمدنی کو دنیا بھر میں دوبارہ سرمایہ کاری (Reinvest) کے طور پر لگاتے ہیں۔”
صدر فیفا نے اس موقع پر ایک اور بڑا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ اگلے سال (2026) کے فیفا بیسٹ ایوارڈز کی تقریب دبئی میں منعقد ہوگی۔ اس کے لیے دبئی اور فیفا کے درمیان ایک نئی شراکت داری قائم کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ حال ہی میں دوحہ میں منعقدہ تقریب میں فرانس کے عثمان ڈیمبیلے کو سال کا بہترین مرد کھلاڑی اور سپین کی آئتانا بونماتی کو بہترین خاتون کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔
