نیو یارک: نیو یارک پولیس کے مطابق پولیس فائرنگ کے نتیجے میں 29 سالہ نوجوان ہلاک ہو گیا، جس کے بارے میں حکام کا کہنا ہے کہ وہ ایک باکس کٹر سے مسلح تھا۔
این وائی پی ڈی کے چیف آف پیٹرول فلپ رویرا کے مطابق یہ واقعہ رات تقریباً 12 بجے فار راک اوے میں ایک والد اور بیٹے کے درمیان جھگڑے سے شروع ہوا۔
رویرا نے بتایا کہ جب پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی تو 29 سالہ شخص کے والدین نے دو پولیس اہلکاروں کو اپارٹمنٹ کے اندر لے جایا، تاہم وہ وہاں موجود نہیں تھا۔
پولیس نے بعد ازاں نوجوان کو عمارت کے ہال وے میں پایا، جہاں وہ مبینہ طور پر باکس کٹر تھامے ہوئے تھا۔ حکام کے مطابق نوجوان اور اس کے والد کے درمیان دوبارہ جھگڑا ہوا، جس پر پولیس نے نوجوان کو باکس کٹر گرانے کا حکم دیا۔
چیف فلپ رویرا کے مطابق نوجوان نے پولیس کے احکامات پر عمل نہیں کیا۔
پولیس کے مطابق ایک اہلکار نے پہلے نوجوان پر ٹیزر استعمال کیا، جس کے بعد دوسرے اہلکار نے فائرنگ کر دی۔ نوجوان کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اسے مردہ قرار دے دیا گیا۔
واقعے کی تحقیقات اب این وائی پی ڈی کے فورس انویسٹی گیشن ڈویژن کی جانب سے کی جا رہی ہیں، جو کہ ایسے واقعات میں معمول کا طریقہ کار ہے۔
