ڈھاکا(ویب ڈیسک): بنگلہ دیش میں مسلسل دوسرے روز بھی ملک بھر میں مظاہرے کیے گئے، جن میں گزشتہ برس کی جمہوریت نواز تحریک کے نمایاں رہنما شریف عثمان ہادی کے قتل پر انصاف کا مطالبہ کیا گیا۔ 32 سالہ طالب علم رہنما جمعرات کو سنگاپور کے ایک اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے، جہاں وہ نقاب پوش مسلح افراد کی فائرنگ سے زخمی ہونے کے بعد زیر علاج تھے۔
شریف عثمان ہادی، جو بھارت کے سخت ناقد سمجھے جاتے تھے، پر گزشتہ ہفتے ڈھاکا میں ایک مسجد سے نکلتے وقت حملہ کیا گیا۔ ان کی موت کی خبر پھیلتے ہی جمعہ کے روز سوگ غصے میں بدل گیا اور ملک بھر میں شدید احتجاج شروع ہو گیا۔
مظاہرین نے متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچایا، جن میں ان میڈیا اداروں کے دفاتر بھی شامل تھے جنہیں بھارت نواز تصور کیا جاتا ہے۔ بھارت، بنگلہ دیش کی حال ہی میں معزول ہونے والی قیادت کا دیرینہ اتحادی رہا ہے۔
سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ، جو اس وقت بھارت میں جلاوطنی کی زندگی گزار رہی ہیں، کو گزشتہ برس طلبہ کی قیادت میں ہونے والی بغاوت کے دوران خونریز کریک ڈاؤن کے الزام میں حال ہی میں غیر موجودگی میں سزائے موت سنائی گئی ہے۔
ڈھاکا میں مظاہرے میں شریک 20 سالہ طالب علم ساجد العدیب نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا، “لوگ یہاں ہادی کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کر رہے ہیں۔” ان کا دعویٰ تھا کہ ملزمان “اس وقت بھارت میں موجود ہیں”، تاہم نئی دہلی نے اس الزام پر کوئی ردِعمل ظاہر نہیں کیا۔
انہوں نے کہا، “میں حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں کہ ذمہ داروں کی گرفتاری کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ سب سے بڑھ کر، میں چاہتا ہوں کہ ہادی کے نظریات زندہ رہیں۔”

ڈھاکا میں ہزاروں افراد نے قومی پرچم اٹھا کر اور پلے کارڈز تھام کر مظاہروں میں شرکت کی اور انصاف کے حق میں نعرے لگائے۔ اسی نوعیت کے احتجاجی مظاہرے غازی پور، سلہٹ اور چٹاگانگ میں بھی دیکھے گئے۔
جمعرات کی شب مظاہرین نے ڈھاکا میں متعدد عمارتوں کو آگ لگا دی، جن میں معروف اخبارات پرتھم آلو اور ڈیلی اسٹار کے دفاتر بھی شامل تھے۔ ناقدین کے مطابق ان اخبارات پر بھارت نواز ہونے کا الزام عائد کیا جاتا ہے، جہاں سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ نے 2024 کی بغاوت کے دوران فرار ہو کر پناہ لی تھی۔
ڈیلی اسٹار کی عمارت میں پھنسے عملے نے خطرناک صورتحال کی اطلاع دی۔ رپورٹر زایما اسلام نے فیس بک پر لکھا، “میں مزید سانس نہیں لے پا رہی… آپ مجھے مار رہے ہیں”، بعد ازاں فائر فائٹرز نے عملے کو بحفاظت نکال لیا۔

پرتھم آلو کے ایگزیکٹو ایڈیٹر سجاد شریف نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اسے “صحافت، اظہارِ رائے، اختلاف اور تنوع پر حملہ” قرار دیا۔
عبوری حکومت، جس کی قیادت 85 سالہ نوبل امن انعام یافتہ محمد یونس کر رہے ہیں، نے دونوں اخبارات کے مدیران سے رابطہ کیا اور توڑ پھوڑ کی شدید مذمت کی۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ “شرپسند عناصر” کی جانب سے کی جانے والی ہجوم کی تشدد آمیز کارروائیوں سے ہوشیار رہیں۔
حکومتی بیان میں کہا گیا، “یہ ہماری قومی تاریخ کا ایک نازک مرحلہ ہے، جب ہم ایک تاریخی جمہوری منتقلی کے عمل سے گزر رہے ہیں۔ ہم کسی صورت چند عناصر کو، جو انتشار اور بدامنی کو فروغ دیتے ہیں، اس عمل کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔”
کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس نے بھی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ میڈیا کی سلامتی کو یقینی بنایا جائے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
اس سے قبل بدھ کے روز مظاہرین نے ڈھاکا میں بھارتی ہائی کمیشن کی جانب مارچ کیا تھا، جو شیخ حسینہ کی حکومت کے خاتمے کے بعد دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان بگڑتے تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔
شریف عثمان ہادی، جو طلبہ تنظیم انقلاب منچو کے سربراہ تھے، فروری 2026 کے عام انتخابات میں پارلیمنٹ کے لیے انتخاب لڑنے کا ارادہ رکھتے تھے۔ پولیس نے قاتلوں کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر کارروائی شروع کر دی ہے، مشتبہ افراد کی تصاویر جاری کر دی گئی ہیں اور اطلاع دینے پر انعام کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔
ملک بھر کی مساجد میں مرحوم کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں، جبکہ ہفتے کے روز کو جاں بحق طالب علم رہنما کے لیے یومِ سوگ قرار دیا گیا۔
