براؤن یونیورسٹی فائرنگ میں نیویارک سٹی کا طالبعلم زخمی، حالت بہتر

ایف بی آئی کے مطابق اتوار کے روز ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لینے کے بعد رہا کر دیا گیا،

Atif Khan

نیویارک: نیویارک سٹی کے ایک رہائشی بھی ہفتے کے روز براؤن یونیورسٹی میں پیش آنے والی ہلاکت خیز فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہونے والوں میں شامل ہیں، جو خوش قسمتی سے جانبر ہو گئے۔

ڈالٹن اسکول کے 2025 کے گریجویٹ، 18 سالہ اسپینسر یانگ کو یونیورسٹی کیمپس میں گولی لگنے سے زخمی کیا گیا۔ ان کے والد جیمز یانگ نے دی نیویارک ٹائمز کی نیوز سے اس واقعے کی تصدیق کی۔ ان کے مطابق وہ اس وقت ڈاکٹروں سے ملاقات میں مصروف تھے اور ان کا کہنا تھا کہ ان کے بیٹے کی حالت “ٹھیک” ہے۔

ہفتے کے روز ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد ہلاک جبکہ اسپینسر یانگ سمیت نو افراد زخمی ہوئے۔ نیویارک کے نجی تعلیمی ادارے ڈالٹن اسکول، جہاں سے اسپینسر نے رواں برس گریجویشن مکمل کی تھی، نے اتوار کے روز والدین کو ایک بیان جاری کیا جس میں اس افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا گیا۔

ڈالٹن اسکول کے سربراہ خوسے ڈی جی سس نے اپنے بیان میں کہا،
“اب تک آپ سب کو براؤن یونیورسٹی میں ہفتے کے روز ہونے والی فائرنگ کی المناک خبر مل چکی ہوگی۔ یہ ایک بے مقصد اور افسوسناک سانحہ ہے جس نے نہ صرف براؤن یونیورسٹی بلکہ نیویارک کے متعدد تعلیمی اداروں، بشمول ڈالٹن، کو بھی صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ “ہم اسپینسر، ان کے اہل خانہ اور ہمارے دیگر سابق طلبہ کے بارے میں سوچ رہے ہیں جو اس وقت براؤن یونیورسٹی میں زیر تعلیم ہیں، نیز ان تمام افراد کے ساتھ ہمدردی رکھتے ہیں جو اس سانحے سے متاثر ہوئے ہیں۔”

ادھر ایف بی آئی کے مطابق اتوار کے روز ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لینے کے بعد رہا کر دیا گیا، تاہم فائرنگ کرنے والا ملزم تاحال مفرور ہے اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *