نیویارک: نیویارک کی اے ٹی ایف (ATF) نیویارک آر سن اینڈ ایکسپلوسیو ٹاسک فورس نے یکم دسمبر کو ایک سب وے ٹرین میں سوئے ہوئے ایک بے گھر شخص کو آگ لگانے کے الزام میں 18 سالہ نوجوان حیرم کیریرو (Hiram Carrero) کو گزشتہ ہفتے گرفتار کر لیا ہے۔
حکام کے مطابق، یہ دل دہلا دینے والا واقعہ یکم دسمبر کو علی الصبح پیش آیا، جب ملزم کیریرو نے مڈ ٹاؤن مین ہیٹن میں 34th Street-Penn Station پر ایک ٹرین کار میں داخل ہو کر، سوئے ہوئے 56 سالہ شخص پر آگ لگا دی اور دروازے بند ہونے سے قبل ہی فرار ہو گیا۔ متاثرہ شخص ٹائمز اسکوائر کے اگلے اسٹیشن پر ٹرین سے باہر نکلا، اس وقت بھی اس کے نچلے دھڑ سے شعلے اٹھ رہے تھے۔
متاثرہ شخص کو شدید جلنے کے زخموں کے علاج کے لیے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔
ٹاسک فورس، جس میں ایف ڈی این وائی فائر مارشلز، این وائی پی ڈی ڈیٹیکٹیوز اور اے ٹی ایف سپیشل ایجنٹس شامل تھے، نے تیزی سے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کیریرو کو گرفتار کر لیا۔
کیریرو پر اقدام قتل ، حملہ ، آتش زنی اور مجرمانہ شرارت سمیت دیگر الزامات کا سامنا ہے۔
امریکی اٹارنی برائے سدرن ڈسٹرکٹ آف نیویارک نے کیریرو پر وفاقی الزامات بھی عائد کیے ہیں، جس میں “آتش زنی کے نتیجے میں دوسرے شخص کو چوٹ پہنچانا” شامل ہے، جس کی کم از کم سزا سات سال اور زیادہ سے زیادہ 40 سال قید ہے۔
اے ٹی ایف کے سپیشل ایجنٹ انچارج برائن ڈی جی رولامو نے کہا کہ “اس معاملے میں فوری گرفتاری یہ ظاہر کرتی ہے کہ جب ہماری ایجنسیاں ایک ہو کر کام کرتی ہیں تو کیا ممکن ہے۔”
