آکسفورڈ (برطانیہ): آکسفورڈ یونیورسٹی کی طالب علموں کی جانب سے چلائے جانے والے اخبار “چیریل” (Cherwell) کی رپورٹ کے مطابق، فلسفہ، سیاست اور معاشیات کی طالبہ اروا حنین الریس (Arwa Hanin Elrayess) کو ٹرنٹی ٹرم 2026 (Trinity Term 2026) کے لیے آکسفورڈ یونین (Oxford Union) کا صدر منتخب کر لیا گیا ہے، یہ ٹرم اپریل سے جون تک چلے گی۔
اروا کے والد، محمد الریس نے لنکڈ ان پر اپنی بیٹی کی جیت کا جشن مناتے ہوئے کہا کہ وہ اس عہدے کے لیے منتخب ہونے والی پہلی عرب خاتون، فلسطینی اور الجزائر کی نژاد ہیں۔مقابلےمیں جہاں اروا نے 757 ووٹ حاصل کیے، جو کہ رنر اپ لیزا بارکووا (Liza Barkova) سے صرف 155 زیادہ تھے۔
آکسفورڈ سٹوڈنٹ (The Oxford Student) کے مطابق، نومنتخب صدر اروا نے یونین کی اندرونی سیاست کو اس کے زیر اہتمام مباحثوں سے الگ کرنے کے پلیٹ فارم پر الیکشن لڑا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ ٹرم میں گورننس کے مسائل نے ان مباحثوں کو ماند کر دیا ہے جو یونین کی پہچان ہیں۔ ان کی حریف، بارکووا، کا کہنا تھا کہ مقررین کے مباحثوں سے دستبردار ہونے کے مسئلے کا حوالہ دیتے ہوئے یونین کو اپنی ساکھ بحال کرنے کی ضرورت ہے۔
اروا نے “چیریل” کو بتایا: “یونین ایک ناقابل یقین حد تک خاص جگہ ہے، جو بہت مشکل وقت سے گزر رہی ہے۔ میرے خیال میں ہمیں مزید شفاف گورننس، مالی ذمہ داری، اور آزادئ اظہار کے آخری قلعہ کے طور پر اپنی پوزیشن کی توثیق کے ساتھ ایک نئی شروعات کی ضرورت ہے۔”
واضح رہے آکسفورڈ یونین دنیا کی ایک اعلیٰ ترین طالب علموں کے زیر انتظام مباحثہ سوسائٹی ہے جو آکسفورڈ یونیورسٹی میں واقع ہے۔ یہ یونین عالمی اہمیت کے معاملات پر بات چیت کے لیے اعلیٰ سطحی مقررین کی میزبانی کے لیے مشہور ہے
