ویب ڈیسک : اسپین کے فٹ بال کلب ریئل میڈرڈ نے لیورپول کے مرحوم کھلاڑی ڈیوگو جوٹا اور ان کے بھائی آندرے سِلوا کو خراج تحسین پیش کرنے والی ایک ویڈیو میں غلط فٹبالر کی تصویر استعمال کرنے پر معافی مانگ لی ہے۔
کلب کی سالانہ جنرل اسمبلی میں دکھائی گئی اس ویڈیو میں مرحوم جوٹا کی تصویر کے ساتھ، غلطی سے ایلتچے اور پرتگال کے 30 سالہ فارورڈ آندرے داسِلوا کی تصویر شامل کر دی گئی تھی۔
ریئل میڈرڈ نے سوشل میڈیا پر ایک بیان جاری کیا: “ریئل میڈرڈ سی ایف، ایلتچے سی ایف اور ان کے کھلاڑی آندرے داسِلوا سے معذرت خواہ ہے کہ ایک ادارہ جاتی تعزیتی ویڈیو میں غلطی سے ان کی تصویر کو لیورپول کے کھلاڑی ڈیوگو جوٹا کے بھائی آندرے سِلوا کی بجائے شامل کر لیا گیا۔”
کلب نے مزید کہا، “ہمیں اس واقعے پر افسوس ہے۔”
لیورپول اور پرتگال کے فارورڈ ڈیوگو جوٹا گزشتہ جولائی میں 28 سال کی عمر میں ایک کار حادثے میں انتقال کر گئے تھے، ان کے ساتھ ان کے 25 سالہ بھائی آندرے سِلوا بھی وفات پا گئے تھے، جو پرتگال کے سیکنڈ ٹیر کلب پینافیل کے لیے پیشہ ور فٹبالر تھے۔
نومبر کے اوائل میں، ریئل میڈرڈ کے نمائندوں، جن میں ٹرینٹ الیگزینڈر آرنلڈ، ڈین ہوئیسن اور مینیجر ژابی الونسو شامل تھے، نے لیورپول کے خلاف چیمپئنز لیگ کے میچ سے قبل اینفیلڈ میں جوٹا کی یاد میں پھولوں کا گلدستہ رکھا تھا۔
سابق ریڈز فل بیک الیگزینڈر آرنلڈ کی جانب سے لکھے گئے کارڈ پر دلی جذبات کا اظہار کیا گیا تھا اور کہا گیا تھا کہ جوٹا کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
