نائیجیریا: کیتھولک اسکول سے اغوا کیے گئے 50 طلباء فرار

Editor News

ویب ڈیسک : نائیجیریا کے شمالی علاقے میں ایک کیتھولک سکول سے جمعہ کو اغوا کیے گئے 50 طلباء فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں اور اپنے خاندانوں کے پاس واپس پہنچ گئے ہیں۔ یہ اطلاع اتوار کو کرسچن ایسوسی ایشن آف نائیجیریا (CAN) نے دی۔

CAN کے مطابق، مسلح ڈاکوؤں نے جمعہ کے روز ملک کی شمال وسطی نائیجر ریاست میں واقع سینٹ میریز پرائیویٹ کیتھولک سکول سے 303 بچوں اور 12 اساتذہ کو اغوا کر لیا تھا۔

اغوا ہونے والے طلباء میں لڑکے اور لڑکیاں دونوں شامل ہیں، جن میں سے بعض کی عمریں صرف دس سال ہیں۔

CAN کے نائیجر ریاستی چیپٹر کے ترجمان ڈینیئل اٹوری نے بتایا کہ “طلباء جمعہ اور ہفتہ کے درمیان فرار ہوئے اور بچ نکلنے کے بعد سکول واپس جانے کے بجائے اپنے والدین سے مل گئے۔”

اٹوری کے مطابق، اب بھی 253 بچے (جن میں 250 سکول کے طلباء اور عملے کے 3 بچے شامل ہیں) اور 12 اساتذہ اغوا کاروں کی قید میں ہیں۔

کیتھولک چرچ کے سربراہ پوپ لیو نے اتوار کو اپنی ہفتہ وار “اینجلس پریئر” کے دوران طلباء اور اساتذہ کی رہائی کے لیے اپیل کی اور “مختص حکام پر زور دیا کہ وہ ان کی رہائی کو یقینی بنانے کے لیے مناسب اور بروقت فیصلے کریں۔”
انہوں نے کہا، “مجھے بہت دکھ ہے، خاص طور پر ان بہت سے نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کے لیے جنہیں اغوا کیا گیا ہے اور ان کے غم زدہ خاندانوں کے لیے۔”

واضح رہے جمعہ کا یہ اغوا مسلح گروہوں کے حملوں کی تازہ لہر میں سے ایک ہے، جو تاوان کے لیے شہری آبادیوں کو نشانہ بناتے ہیں۔ اس واقعے کے بعد شمالی نائیجیریا کے بعض وفاقی اور ریاستی سکولوں کو مزید حملوں سے بچنے کے لیے عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔

Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *