نیویارک | عاطف خان
نیویارک سٹی کے نومنتخب میئر ظاہرین ممدانی نے منگل کے روز سوشل میڈیا پر اپنے حامیوں سے ٹرانزیشن کے اخراجات پورے کرنے کے لیے عطیات کی درخواست کی ہے۔
ممدانی کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم اب تک ٹرانزیشن کے لیے 10 لاکھ ڈالر جمع کر چکی ہے، لیکن انہیں مجموعی طور پر 40 لاکھ ڈالر کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق، انتخابی مہم کے برعکس ٹرانزیشن کے مرحلے کو کوئی سرکاری میچنگ فنڈ نہیں ملتا۔
انہوں نے ویڈیو پیغام میں کہا:”ہمارے پاس عہدہ سنبھالنے میں 50 دن سے بھی کم وقت ہے اور بہت کچھ کرنا ہے۔ ہمیں موصول ہونے والے 50 ہزار ریزومیز کی جانچ کرنا ہوگی، اپنی شاندار ٹیم کو ادائیگی جاری رکھنی ہوگی، اور نہ صرف حلف برداری بلکہ پالیسی کے نفاذ کی بھی منصوبہ بندی کرنی ہوگی۔”
ممدانی نے کہا کہ زیادہ تر مہمات ٹرانزیشن کے لیے امیر عطیہ دہندگان پر انحصار کرتی ہیں، مگر “ہم ایسا نہیں کریں گے۔”
ان کے مطابق اب تک 12 ہزار افراد ٹرانزیشن کے لیے عطیات دے چکے ہیں، جن کا اوسط عطیہ 77 ڈالر بنتا ہے۔ انہوں نے موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ میئر ایرک ایڈمز نے اپنی ٹرانزیشن کے لیے 884 عطیہ دہندگان سے اوسطاً 1,219 ڈالر فی عطیہ حاصل کیے تھے۔
ممدانی کا کہنا ہے کہ انہیں یہ رقم اس لیے درکار ہے تاکہ “یکم جنوری تیاری کا نہیں، ڈیلیوری کا دن ہو۔”
ممدانی کی یہ فنڈنگ اپیل اس بیان کے بعد سامنے آئی ہے کہ وہ صدر ٹرمپ سے ملاقات کریں گے تاکہ زندگی کے اخراجات میں کمی اور رہائش کی استطاعت سے متعلق امور پر بات کی جا سکے۔
