نیویارک: نیویارک سٹی انتظامیہ نے مقامی نوجوانوں اور روزگار کے متلاشی شہریوں کے لیے ایک تاریخی اور انقلابی سہولت کا اعلان کیا ہے۔
نیویارک سٹی کے میئر زوہران ممدانی (Mayor Zohran Kwame Mamdani) اور ڈیپارٹمنٹ آف سٹی وائیڈ ایڈمنسٹریٹو سروسز (DCAS) کی کمشنر یومی کیتاسیئی نے مشترکہ طور پر اعلان کیا ہے کہ اب نیویارک سٹی کے ہائی اسکول کے طلبا اور پہلی بار ٹیسٹ دینے والے امیدواروں کے لیے سول سروس امتحانات (Civil Service Exams) کی فیس مکمل طور پر معاف کر دی گئی ہے۔
نیویارک سٹی میں تقریباً 80 فیصد سرکاری ملازمتوں کے لیے سول سروس امتحان پاس کرنا لازمی ہوتا ہے۔ ڈی سی اے ایس (DCAS) ہر سال اوسطاً 110,000 سے زائد امیدواروں کے لیے 175 امتحانات منعقد کرتا ہے، جن میں سائنسدان، فارسٹر، برج آپریٹر، کیس ورکر، بلیک اسمتھ (لوہار) اور فزیکل تھراپسٹ جیسی مختلف اسامیاں شامل ہوتی ہیں۔ اس نئے فیصلے سے لاکھوں طلبہ اور نیویارک کے شہریوں کے لیے سرکاری شعبے میں کیریئر بنانے کی راہ میں موجود مالی رکاوٹیں ختم ہو جائیں گی۔
میئر زہران ممدانی نے اس اقدام کو نیویارک کے مستقبل پر سرمایہ کاری قرار دیتے ہوئے کہا:”نیویارک کی خدمت کرنا زندگی کا سب سے بڑا اعزاز ہے۔ ہمارے کلاس رومز میں بیٹھے طلبہ اور گلیوں میں چلنے والے مقامی لوگ ہی اس شہر کو سب کے لیے بہتر بنانے کی بہترین صلاحیت رکھتے ہیں۔ فیس معاف کر کے ہم لاکھوں نیویارکرز کے لیے اپنے پسندیدہ شہر کی خدمت کے دروازے کھول رہے ہیں۔”
ڈی سی اے ایس کی کمشنر یومی کیتاسیئی کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد اہل امیدواروں کے راستے سے ان تمام رکاوٹوں کو ہٹانا ہے جو انہیں سٹی گورنمنٹ میں نوکری حاصل کرنے سے روکتی ہیں، تاکہ ہم ایک مضبوط اور باصلاحیت ورک فورس تیار کر سکیں۔
یہ نیا قانون لوکل لاء 57 آف 2025 کے تحت نافذ کیا گیا ہے، جو پہلے سے موجود ویٹرنز (سابقہ فوجیوں)، بے روزگار افراد اور سرکاری امداد (Public Assistance) حاصل کرنے والوں کے لیے دستیاب فیس معافی کے دائرے کو وسیع کرتا ہے۔
امیدوار سٹی کے آن لائن ایپلیکیشن سسٹم (OASys 2.0) کے ذریعے فیس معافی کی درخواست دے سکتے ہیں۔
پہلی بار اپلائی کرنے والوں کی اہلیت کی تصدیق سسٹم خودکار طریقے سے کرے گا، جبکہ ہائی اسکول کے طلبہ کو اپنے موجودہ داخلے (Enrollment) کا ثبوت فراہم کرنا ہوگا۔
مالیاتی سال 2027 کا امتحانی شیڈول اور 190 زبانوں میں معلومات
اس اہم اعلان کے ساتھ ہی نیویارک سٹی نے مالیاتی سال 2027 (Fiscal Year 2027) کے لیے سول سروس امتحانات کا شیڈول بھی جاری کر دیا ہے، جس میں پبلک سیفٹی، ایڈمنسٹریشن، انجینئرنگ، اور ہیلتھ کیئر سمیت دیگر ضروری شعبوں کے لیے 149 امتحانات شامل ہیں۔
ان امتحانات میں سے 72 فیصد تمام اہل نیویارکرز کے لیے اوپن ہوں گے، جبکہ 28 فیصد موجودہ سٹی ملازمین کی ترقی (Promotional Exams) کے لیے ہوں گے۔
ایک اور بڑی سہولت یہ دی گئی ہے کہ امتحانات کے نوٹسز (Notices of Examinations) کا اب 190 سے زائد زبانوں میں ترجمہ دیکھا جا سکے گا، تاکہ غیر انگریزی زبان بولنے والے بھی شرائط کو آسانی سے سمجھ سکیں، تاہم امتحانات انگریزی زبان میں ہی لیے جائیں گے۔
اسکولز چانسلر قمر ایچ سیموئلز، ڈی وائی سی ڈی (DYCD) کی کمشنر سینڈرا ایسکامیلا ڈیوس اور کونسل ممبرز گیل اے بریور، ایرک ڈینووٹز اور ڈی لا روزا نے بھی اس قانون سازی کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے ورکنگ کلاس فیملیز اور نوجوانوں کو معاشی طور پر مستحکم کرنے کے لیے ایک بہترین کوشش قرار دیا ہے۔





