بیلیم |ویب ڈیسک
بیلیم: برازیل کے شہر بیلیم میں ہزاروں افراد نے مارچ کیا، جس کا مقصد اقوام متحدہ کے موسمیاتی سربراہی اجلاس COP30 میں مقامی باشندوں اور ماحول کے محافظوں کی آواز کو مؤثر طریقے سے پہنچانا تھا۔
ہفتے کے روز ہونے والے اس مارچ میں مقامی کمیونٹی کے افراد اور کارکنوں نے مل کر حصہ لیا۔ پُرجوش ماحول میں شرکاء نے زمین کی نمائندگی کرتا ایک بڑا بیچ بال اور “محفوظ ایمیزون” کے الفاظ کے ساتھ ایک برازیلی پرچم اٹھا رکھا تھا۔ یہ کانفرنس کے باہر ہونے والا پہلا بڑا احتجاج تھا۔
سربراہی اجلاس کا آغاز اسی ہفتے بیلیم میں ہوا ہے، جہاں عالمی رہنماؤں، کارکنوں اور ماہرین نے بگڑتے ہوئے موسمیاتی بحران سے نمٹنے کے لیے شرکت کی ہے۔
اس سے قبل مقامی کارکنوں نے سربراہی اجلاس کے دوران ہنگامی طور پر احتجاج کرتے ہوئے برازیلی صدر لولا ڈا سلوا سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ ان کی زمینوں کو بڑھتے ہوئے خطرات سے بچانے کے لیے عملی اقدامات کریں۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اپنی ایک حالیہ رپورٹ میں خبردار کیا ہے کہ تیل و گیس پائپ لائنوں اور کوئلے کی کانوں جیسے فوسل فیول منصوبوں کے پھیلاؤ سے دنیا بھر میں اربوں لوگ خطرے میں پڑ رہے ہیں۔
