ریاستی قانون سازوں اور مختلف تنظیموں نے گورنر کیتھی ہوکل پر زور دیا ہے کہ وہ ’میڈیکل ایڈ اِن ڈائنگ کے نام سے معروف بل پر دستخط کریں، جسے بعض حلقے ’فزیشن اسسٹڈ سوسائیڈ‘ یعنی ڈاکٹر کی مدد سے خودکشی بھی کہتے ہیں۔
یہ بل، جسے جون میں نیویارک اسٹیٹ لیجسلیچر نے منظور کیا تھا، مہلک بیماری میں مبتلا ایسے بالغ مریضوں کو یہ حق دیتا ہے جن کی زندگی کے چھ ماہ یا اس سے کم باقی ہوں، کہ وہ اپنی تکلیف کے خاتمے کے لیے ڈاکٹر سے مہلک دوا کا نسخہ حاصل کر سکیں۔
درخواست تحریری طور پر دینی ہوگی اور اس پر دو گواہوں کے دستخط ضروری ہوں گے۔ کسی بھی نمائندے (پراکسی) کو مریض کی جگہ درخواست دینے کی اجازت نہیں ہوگی۔
یہ قانون پہلے ہی واشنگٹن ڈی سی اور امریکہ کی 11 ریاستوں، بشمول نیو جرسی، میں نافذ ہے۔
