ویب ڈیسک|11نومبر
واشنگٹن: وفاقی حکومت کو دوبارہ فعال کرنے کےلئے ایوانِ نمائندگان بدھ کو وفاقی حکومت کھولنے کی قرارداد پر ووٹنگ کرے گا
مجوریٹی وِپ ٹام ایمر کے نوٹس کے مطابق، ایوانِ نمائندگان (ہاؤس) بدھ کے روز سینیٹ کی منظور کردہ قرارداد پر ووٹنگ کا آغاز کرے گا تاکہ وفاقی حکومت کو دوبارہ کھولا جا سکے۔
نوٹس میں بتایا گیا ہے کہ ووٹنگ بدھ کی شام 4 بجے سے جلد از جلد شروع ہو سکتی ہے، اور اس دن متعدد ووٹ متوقع ہیں۔اس سے ایک روز قبل، منگل کو ہاؤس رولز کمیٹی اس قرارداد پر غور کرے گی تاکہ بدھ کے روز ایوان میں کارروائی کا شیڈول طے کیا جا سکے۔
واضح رہےایوانِ نمائندگان نے 19 ستمبر کے بعد سے کوئی قانون سازی یا ووٹنگ نہیں کی ہے۔
ایوان میں یہ پیکیج منظور کرانا اسپیکر مائیک جانسن کے لیے ایک بڑا امتحان ہے۔ انہیں وہائٹ ہاؤس کے ساتھ قریبی رابطہ رکھنا ہوگا تاکہ مطلوبہ حمایت حاصل کی جا سکے، کیونکہ یہ واضح نہیں ہے کہ کتنے ڈیموکریٹس بل کی حمایت میں ووٹ دیں گے، جب کہ ریپبلکن اکثریت بہت کم ہے۔
دوسری جانب، 14 معتدل ریپبلکن ارکان چاہتے تھے کہ ہیلتھ انشورنس سبسڈی (Affordable Care Act subsidies) میں توسیع شامل کی جائے۔ ان ارکان نے اس مسئلے کے حل کے لیے اپنا علیحدہ بل بھی تجویز کیا تھا، جو حالیہ شٹ ڈاؤن تنازعے کا مرکزی نکتہ بن گیا۔
اسی دوران، ڈیموکریٹک قیادت اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھنے کی کوشش کر رہی ہے اور ارکان کو ہدایت دی ہے کہ وہ اس بل کے حق میں ووٹ نہ دیں، کیونکہ ان کے بقول یہ پیکیج ڈیموکریٹس کے مطالبات سے کم ہے۔
ڈیموکریٹ رکن جیَریڈ گولڈن جو آئندہ انتخابات میں حصہ نہیں لے رہے اور اکثر ریپبلکنز کے ساتھ ووٹ دیتے ہیں ان پر خاص طور پر سب کی نگاہیں ہیں۔
