عاطف خان | 8 نومبر
نیو یارک: نیو یارک کے نو منتخب میئر ظہران ممدانی نہ صرف اپنی تاریخی کامیابی بلکہ اپنی شکل و صورت کے باعث بھی سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔
ڈیموکریٹک سوشلسٹ جماعت کے امیدوار ظہران ممدانی، جو نیو یارک کے پہلے مسلمان اور کم عمر ترین میئر منتخب ہوئے ہیں، کی تصاویر اور ویڈیوز ان دنوں مختلف پلیٹ فارمز پر وائرل ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ پاکستانی سوشل میڈیا صارفین نے ظہران ممدانی کی مشابہت پاکستانی اداکار جنید خان اور ارسلان نصیر سے نکال لی ہے۔
صارفین کی جانب سے شیئر کی گئی تصاویر میں ظہران ممدانی کو کبھی “جنید خان کا ہمشکل” تو کبھی “کاربن کاپی” کہا جا رہا ہے۔
اداکاروں کا ردِعمل
اداکار جنید خان نے ان وائرل پوسٹس کا اسکرین شاٹ انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے مزاحیہ انداز میں لکھا:
“امید ہے کہ اگلی بار نیویارک جا کر وی آئی پی ٹریٹمنٹ ملے گی!”
اداکار ارسلان نصیر نے بھی انسٹا اسٹوری پر ایک وائرل پوسٹ شیئر کرتے ہوئے ہنستے ہوئے کہا:
“ہاں، یہ سچ ہے وہ میرا کزن ہے! مبارک ہو پاکستان، اب ہمارا دور کا کزن نیویارک کا میئر بن گیا ہے۔”
