نیو جرسی (1 جولائی، 2026): نیو جرسی ٹرانزٹ (NJ Transit) کے مسافروں کے لیے سفری اخراجات میں اضافہ ہو گیا ہے کیونکہ بدھ (یکم جولائی) سے پورے سسٹم میں نئے اور مہنگے کرائے نافذ العمل کر دیے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق کرایوں میں 3 فیصد کا اضافہ کیا گیا ہے، جس سے ٹرینیں، بسیں، لائٹ ریل اور ایکسیس لنک (Access Link) کی تمام سروسز متاثر ہوئی ہیں۔
نئی قیمتوں کے تحت، ون زون (One-zone) بالغ مسافر کے لیے بس کا کرایہ $1.85 سے بڑھا کر $1.90 کر دیا گیا ہے، جبکہ نیویارک سے ٹرینڈن (Trenton) تک کا ٹرین کا یکطرفہ ٹکٹ $19.80 سے بڑھ کر $20.35 کا ہو گیا ہے۔ ٹرانزٹ ایجنسی کا کہنا ہے کہ یہ اضافہ اس کی سالانہ کرایہ پالیسی (Annual Fare Policy) کا حصہ ہے تاکہ بجٹ کے خسارے کو پورا کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ یہ اس پالیسی کا دوسرا سال ہے جس کے تحت ہر سال جولائی میں کرایوں میں 3 فیصد خودکار اضافہ کیا جاتا ہے۔ اس سے قبل 2024 میں پورے سسٹم میں یکمشت 15 فیصد کرائے بڑھائے گئے تھے۔ نیو جرسی ٹرانزٹ نے اپنی ویب سائٹ پر ہوبوکن (Hoboken)، نیوارک پین اسٹیشن، نیویارک پین اسٹیشن اور اٹلانٹک سٹی ریل لائن سمیت تمام روٹس کے نئے کرایہ چارٹس آن لائن جاری کر دیے ہیں اور مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سفر پر نکلنے سے پہلے اپنے روٹ کا کرایہ لازمی چیک کر لیں۔





