نیویارک (31اکتوبر2025): نیویارک شہر میں عوامی تحفظ کو مزید مضبوط بنانے کے لیے نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں آئندہ چند برسوں میں 5,000 نئے پولیس افسران شامل کیے جائیں گےجس کے بعد محکمے میں اہلکاروں کی کل تعداد 40,000 تک پہنچ جائے گی.
میئر ایرک ایڈمز کے مطابق اس مرحلہ وار بھرتی کا آغاز جولائی 2026میں 300 افسران سے ہوگا، اس کے بعد جولائی 2027میں 2,500 افسران شامل کیے جائیں گے، اور جولائی 2028سے ہر سال 5,000 نئے افسران فورس کا حصہ بنیں گے۔
ایڈمز نے اعلان کیا کہ حکومت اس منصوبے کے لیے 315 ملین ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کر رہی ہے تاکہ مرحلہ وار بھرتی کے اس عمل کو مکمل کیا جا سکے۔
میئر ایڈمز نے کہا،
“نیویارک کے زیادہ تر شہری چاہتے ہیں کہ ان کی گلیوں اور سب وے اسٹیشنز پر زیادہ پولیس اہلکار موجود ہوں اور ہم یہی فراہم کر رہے ہیں۔ یہ 5,000 نئے افسران عوامی تحفظ کو مزید یقینی بنائیں گے۔”
NYPD کمشنر جیسیکا ایس۔ ٹِش نے کہا کہ یہ نئے اہلکار جرائم میں مزید کمی لانے میں مددگار ثابت ہوں گے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب شہر میں گولی باری کے واقعات تاریخی حد تک کم ہو چکے ہیں اور سب وے مزید محفوظ بن گئے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق 2025میں نیویارک سٹی میں قتل کے واقعات میں 17 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ ڈکیتی، حملے، چوری اور گاڑیوں کی چوریمیں بھی گزشتہ سال کی نسبت نمایاں کمی آئی ہے۔ رہائشی علاقوں اور ٹرانزٹ سسٹم میں جرائم کی شرح بھی کم ہوئی ہے۔
کمشنر ٹِش نے مزید کہا،
ہر نیا پولیس افسر محفوظ گلیوں، مضبوط کمیونٹیز اور ترقی کرتے شہر کی علامت ہے۔ یہ اقدام ہمیں مستقبل کے مرد و خواتین افسران کو بھرتی، تربیت اور تعینات کرنے کا موقع دیتا ہے تاکہ ہم اپنی کامیابیوں پر مزید تعمیر کر سکیں۔”
