نیویارک: نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں اہم انتظامی تبدیلی کے تحت پاکستانی نژاد امریکی کیپٹن ضیغم عباس کو ایک سپیشلائزڈ یونٹ کا کمانڈنگ آفیسر تعینات کر دیا گیا ہے۔ اس سے قبل وہ 115 ویں پریسنٹ میں ایگزیکٹو آفیسر کی حیثیت سے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔
کیپٹن ضیغم عباس ان چیدہ پاکستانی نژاد افسران کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں جنہوں نے NYPD میں کمانڈنگ آفیسر کا عہدہ حاصل کیا ہے۔
محکمہ پولیس میں عدیل رانا، مصباح نور، وحید اختر، مبین یاسین، احتشام خان، جہانگیر اشرف اور اویس خانزادہ جیسے افسران پہلے ہی کمانڈنگ آفیسرز کے طور پر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔
اس وقت نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں تقریباً 675 (پونے سات سو) پاکستانی امریکن پولیس افسران اور ایگزیکٹوز مختلف عہدوں پر تعینات ہیں۔
اس اہم کامیابی پر پاکستانی امریکن کمیونٹی کی جانب سے کیپٹن ضیغم عباس کو بھرپور مبارکباد پیش کی جا رہی ہے اور اسے کمیونٹی کے لیے فخر کا باعث قرار دیا جا رہا ہے۔
