واشنگٹن(ویب ڈیسک، 30 اکتوبر) امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ امریکا سمندری طوفان ملیسا سے متاثر ہونے والے کیوبا کے عوام کو فوری انسانی امداد دینے کے لیے تیار ہے۔
روبیو کے مطابق محکمہ خارجہ نے کیوبا کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کا اعلان کیا ہے یہ امداد براہِ راست یا مقامی اداروں کے ذریعے فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا،
“سمندری طوفان ملیسا سے مشرقی کیوبا میں ہونے والی تباہی کے بعد، ٹرمپ انتظامیہ کیوبا کے بہادر عوام کے ساتھ کھڑی ہے جو اب بھی اپنی بنیادی ضروریات پوری کرنے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔”
امریکی محکمہ خارجہ کے ایک ترجمان کے مطابق ابھی تک کیوبا کی جانب سے وفاقی امداد کی کوئی باضابطہ درخواست موصول نہیں ہوئی۔
تاہم روبیو نے کہا کہ امریکی قانون میں کیوبا کے عوام کے لیے کھانے، ادویات اور دیگر انسانی امداد کی نجی ترسیلات کی اجازت ہے، بشمول قدرتی آفات کے دوران امداد کے۔
انہوں نے مزید کہا: “ہم ان تمام افراد کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں جو براہِ راست کیوبا کے عوام کی مدد کرنا چاہتے ہیں کہ اگر انہیں کسی رکاوٹ کا سامنا ہو تو ہم سے رابطہ کریں۔”
