بارسلونامیں کھیلناایک خواب جیساتجربہ ہے,راشفورڈ

بارسلونا میں اپنے قیام کو صرف ایک قرضی معاہدے تک محدود نہیں رکھنا چاہتے

Editor News

بارسلونا: انگلش فٹبالر “مارکس راشفورڈ” نے کہا ہے کہ وہ بارسلونا میں اپنے قیام کو صرف ایک قرضی معاہدے تک محدود نہیں رکھنا چاہتے بلکہ کلب کے ساتھ طویل مدت تک جڑے رہنے کے خواہاں ہیں۔

مانچسٹر یونائیٹڈ سے قرض پر شامل ہونے والے راشفورڈ نے کہا کہ وہ بارسلونا میں اپنے وقت کو بہت لطف اندوزی کے ساتھ گزار رہے ہیں۔

ایک انٹرویو میں راشفورڈ نے بتایا کہ بارسلونا میں کھیلنا ان کے لیے ایک خواب جیسا تجربہ ہے۔ ان کے مطابق، “جو بھی فٹبال سے محبت کرتا ہے، وہ جانتا ہے کہ بارسلونا دنیا کے سب سے بڑے اور تاریخی کلبوں میں سے ایک ہے۔ اس کا حصہ بننا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔”

راشفورڈ نے اس سیزن میں اب تک 12 میچوں میں پانچ گول اور چھ اسسٹ کے ساتھ شاندار کارکردگی دکھائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی توجہ صرف میچ جیتنے پر ہے کیونکہ بارسلونا کا مقصد ہمیشہ فتح حاصل کرنا ہے۔ “میں یہاں اس لیے آیا ہوں کہ جیتوں، اور یہی اس کلب کی ثقافت بھی ہے،” انہوں نے کہا۔

انہوں نے اپنے ساتھی کھلاڑیوں، خاص طور پر نوجوان”لامین یامل” اور مڈفیلڈر “پیڈری” کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ساتھ کھیلنا ایک بہترین تجربہ ہے۔ راشفورڈ کے مطابق، “پیڈری کی سمجھ بوجھ اور کھیل پر گرفت حیران کن ہے۔ جب وہ اچھا کھیلتا ہے، ٹیم خود بخود بہتر کھیلتی ہے۔” فی الحال بارسلونا، لالیگا میں ریئل میڈرڈ سے دو پوائنٹس پیچھے ہے اور اس ہفتے کے اختتام پر ہونے والے “ایل کلاسیکو” میں فتح حاصل کرنے کی کوشش کرے گا۔

Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *