اس فیسٹیول میں 280 ملین ڈالر کے وعدے سامنے آئے جن کے ذریعے ایمیزون کے بارانی جنگلات کے 2.5 کروڑ ہیکٹر رقبے کو تحفظ فراہم کیا جائے گا۔
رپورٹ: عاطف خان
نیویارک، 01 اکتوبر : نیویارک 27 ستمبر (ہفتے کی رات) موسیقی، مثبت پیغام اور بھرپور جوش و جذبے سے گونج اُٹھا جب گلوبل سٹیزن فیسٹیول 2025 نے سینٹرل پارک کے گریٹ لان پر ہزاروں لوگوں کو اکٹھا کیا۔ تقریباً 60 ہزار افراد نے یہ کنسرٹ براہِ راست دیکھا، جبکہ دنیا بھر میں کروڑوں لوگوں نے نشریات کے ذریعے اس کو انجوائے کیا۔
اس سال کے لائن اپ میں شکیرا، کارڈی بی، ٹائلا، آئرا اسٹار، کیمیلو، روزے اور ماریا دی سائنٹسٹ جیسے بڑے نام شامل تھے، جنہوں نے اپنی پرفارمنسز سے شائقین کو جھومنے پر مجبور کر دیا۔ تاہم یہ ایونٹ صرف موسیقی تک محدود نہیں رہا بلکہ اس کا اصل مقصد غربت کے خاتمے اور دنیا بھر کے بڑے مسائل پر توجہ دلانا تھا، جن میں افریقہ اور ایمیزون خطے کے چیلنجز نمایاں ہیں۔
گلوبل سٹیزن اور سسکو کی شراکت داری 2018 سے جاری ہے، جس کے ذریعے بھوک، تعلیم، کنیکٹیویٹی اور صاف توانائی جیسے شعبوں میں نمایاں اقدامات کیے گئے ہیں۔ سسکو کی چیف پیپل، پالیسی اینڈ پرپز آفیسر، فران کٹسوداس نے کہا کہ “یہ پارٹنرشپ مشترکہ اقدار پر قائم ہے اور ہم اسی جذبے کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔”
اقوام متحدہ کی ڈپٹی سیکرٹری جنرل آمنہ محمد بھی اسٹیج پر آئیں اور سامعین کو یاد دلایا کہ پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کرنے کے لیے صرف پانچ سال باقی ہیں۔ انہوں نے کہا:
ـ”ہم آگے بڑھ رہے ہیں، مگر رفتار کافی نہیں۔ گھڑی تیزی سے ٹک ٹک کر رہی ہے اور ہمیں زیادہ محنت کرنی ہوگی۔”
گلوبل سٹیزن فیسٹیول، جو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ہائی لیول ویک کے اختتام پر ہر سال منعقد ہوتا ہے، دنیا کی سب سے بڑی مہمات میں سے ایک ہے جس کا مقصد غربت کا خاتمہ اور سب کے لیے بہتر مستقبل کی ضمانت ہے۔