برونکس میں بدھ کی صبح ایک اپارٹمنٹ عمارت میں دھماکے کے بعد وینٹی لیشن شافٹ گر گیا، جس کے نتیجے میں عمارت جزوی طور پر منہدم ہوگئی۔
رپورٹ: عاطف خان
نیویارک، 01 اکتوبر : فائر ڈیپارٹمنٹ آف نیویارک (FDNY) کے مطابق واقعہ صبح 8 بج کر 10 منٹ پر الیگزینڈر ایونیو پر پیش آیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کا تعلق عمارت کے بوائلر روم اور چمنی سے ہوسکتا ہے۔ فائر بریگیڈ کا مزید کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر دھماکہ وینٹی لیشن شافٹ میں ہوا، تاہم حتمی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
حادثے کے بعد عمارت کے کم از کم 40 اپارٹمنٹس کو خالی کرا لیا گیا اور گیس کی فراہمی معطل کر دی گئی۔ ریسکیو ٹیموں نے کے-9 ڈاگز کی مدد سے ملبے کے 10 فٹ اونچے ڈھیروں میں متاثرین کی تلاش بھی کی، تاہم کسی کے پھنسنے کی اطلاع نہیں ملی۔
واقعے کے فوراً بعد نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز جائے وقوعہ پر پہنچے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا:
“ہم اپنے ریسپانڈرز سے مکمل صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اور عوام کو اپ ڈیٹ دیتے رہیں گے۔ براہ کرم اپنی حفاظت کے لیے اس علاقے سے دور رہیں۔”
دھماکے کے بعد کون ایڈیسن (Con Edison) اور ڈیپارٹمنٹ آف بلڈنگز (DOB) کی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں۔ حکام کے مطابق عمارت کی بنیاد اور اپارٹمنٹس کا معائنہ کیا جا رہا ہے تاکہ رہائشیوں کے لیے حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔
یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب قریبی اسکول P.S. 154 جوناتھن ڈی ہائٹ ایلیمنٹری اور NYCHA مچل ڈے کیئر سینٹر میں بچوں کو اتارا جا رہا تھا۔ ایک عینی شاہد ڈائمنڈ فری مین نے بتایا کہ اس نے واقعے سے چند لمحے قبل ایک “بڑا دھماکہ” سنا۔
متاثرہ رہائشیوں کے لیے امریکن ریڈ کراس نے قریبی کمیونٹی سینٹر میں عارضی پناہ گاہ قائم کر دی ہے جبکہ MTA بسیں بھی فوری شیلٹر کے طور پر فراہم کر دی گئی ہیں۔