نیویارک: نیویارک ہاربر اور اس کے گرد و نواح میں شدید سردی کے باعث دریاؤں میں برف کی تہیں جم گئی ہیں، جس کی وجہ سے زیادہ تر فیری سروسز کو بند کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ معطلی اگلے چند روز تک برقرار رہ سکتی ہے۔
دریائے ہڈسن میں برف کے بڑے بڑے ٹکڑے تیرتے نظر آ رہے ہیں، جبکہ ایسٹ ریور (East River) کے کئی حصے مکمل طور پر جم چکے ہیں۔
فیری کے ذریعے سفر کرنے والی ایک شہریوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے پہلے کبھی ایسے حالات نہیں دیکھے۔ فیری بند ہونے کی وجہ سے اب انہیں سب وے (Subway) کا رخ کرنا پڑ رہا ہے، جہاں مسافروں کا غیر معمولی رش ہے۔
‘این وائی سی فیری’ (NYC Ferry) نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا ہے کہ سروس کی معطلی کا فیصلہ مسافروں، عملے اور بحری جہازوں کی حفاظت کے پیشِ نظر کیا گیا ہے۔
اگرچہ آج کل دریاؤں میں اتنی برف دیکھنا ایک نادر منظر ہے، لیکن تاریخ بتاتی ہے کہ 1800 اور 1900 کی دہائیوں میں یہ معمول کی بات تھی۔ نیویارک پبلک لائبریری کی تصاویر کے مطابق، ماضی میں ایسٹ ریور اس حد تک جم جاتا تھا کہ لوگ بروکلین سے مین ہٹن تک پیدل چل کر جایا کرتے تھے۔ تاہم، اب انتظامیہ نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ برف پر چلنے کی ہرگز کوشش نہ کریں۔
محکمہ موسمیات اور حکام کی جانب سے جاری کردہ اپ ڈیٹس کے مطابق فیری کیپٹن چوبیس گھنٹے دریا کی صورتحال مانیٹر کر رہے ہیں۔ سروس کی بحالی کے بارے میں اعلان روزانہ شام 6:30 بجے کے قریب کیا جاتا ہے۔
این وائی واٹر وے (NY Waterway) نے بھی اپنے شیڈول میں تبدیلیاں کی ہیں اور نیو جرسی سمیت کئی روٹس منقطع کر دیے ہیں۔
کوئنز کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ اتوار کو ایک سائیکلون (Cyclone) اور مزید برفانی طوفانوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جس سے صورتحال مزید پیچیدہ ہو سکتی ہے۔
