اقوام متحدہ نے پاکستان میں سیلاب سے نمٹنے کے لیے 6 لاکھ ڈالر کی ہنگامی امداد جاری کر دی
رپورٹ: عاطف خان
اقوام متحدہ نے پاکستان میں مون سون بارشوں اور شدید سیلاب کے باعث پیدا ہونے والے نقصان سے نمٹنے کے لیے 6 لاکھ ڈالر کی ہنگامی امداد جاری کر دی ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق، سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن ڈوجارک نے نیویارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ امداد ہنگامی فنڈ سے فراہم کی گئی ہے تاکہ سیلاب متاثرین کی فوری ضروریات پوری کی جا سکیں۔
اس امداد کے ذریعے متاثرین کے لیے پناہ گاہیں قائم کی جائیں گی، طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی، روزگار کے لیے نقد معاونت دی جائے گی، حفظانِ صحت کے سامان اور پینے کے صاف پانی کا انتظام کیا جائے گا۔
ماہرین کے مطابق، پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے بارشوں اور سیلابی صورتحال کا سامنا کر رہا ہے، اور اس وقت سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ پنجاب ہے، جہاں لاکھوں لوگ اپنے گھروں سے بے گھر ہو چکے ہیں۔
اس سے قبل خیبرپختونخوا میں گلیشیئرز پگھلنے کے نتیجے میں شدید سیلاب آیا تھا، جس کے باعث کئی افراد ہلاک ہوئے اور سیکڑوں گھروں کو نقصان پہنچا۔