اسٹرلنگ، ورجینیا / نیویارک (ویب ڈیسک): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ (Donald Trump) نے امریکی ریاست ورجینیا کے شہر اسٹرلنگ (Sterling) میں واقع اپنے نجی ٹرمپ نیشنل گالف کلب (Trump National Golf Club) میں اپنی تیسری کرپٹو کرنسی گالا ڈنر (Cryptocurrency gala) تقریب کی صدارت کی، جس میں ان کے اپنے میم کوائن $Trump کے سرِفہرست ہولڈرز کو مدعو کیا گیا تھا۔
دوسری جانب ڈیموکریٹک رہنماؤں نے صدر پر اپنے کرپٹو کاروباری منصوبوں سے نامناسب مالی فائدہ اٹھانے کا الزام عائد کیا ہے۔
تقریب کی ویب سائٹ کے مطابق اتوار کو ہونے والے اس عشائیے میں صدر ٹرمپ کے حامی شخصیات کے ساتھ ملاقاتوں (Meet-and-greets) کا اہتمام بھی شامل تھا، جن میں باکسنگ چیمپئن فلائیڈ مے ویدر (Floyd Mayweather)، شارک ٹینک کے سرمایہ کار کیون اولیری (Kevin O’Leary)، این بی اے چیمپئن ٹرسٹن تھامپسن (Tristan Thompson) اور جادوگر لیور سوچارڈ (Lior Suchard) شریک تھے۔
منتظمین کے مطابق اتوار کے عشائیے کے معیار پر 185 کرپٹو والٹس (Crypto wallets) پورا اترے، تاہم 16 نومبر کو مقابلے کے اختتام پر $Trump کوائن کلب کی ویب سائٹ کے لیڈر بورڈ پر صرف 130 والٹس درج تھے۔ ان درج شدہ والٹس میں مجموعی طور پر 86 لاکھ ڈالر ($8.6m) کی سرمایہ کاری موجود تھی، جو مئی 2025ء کے عشائیے میں درج 14 کروڑ 80 لاکھ ڈالر ($148m) کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم ہے جس میں 220 کرپٹو سرمایہ کاروں نے شرکت کی تھی۔
اس تقریب میں 120 شرکاء کے لیے ٹرمپ پرفیوم، ایک پوسٹر، یادگاری ٹکٹ اور ایک گھڑی مختص کی گئی تھی، جبکہ سرِفہرست 29 سرمایہ کاروں کو وی آئی پی استقبالیہ میں مدعو کیا گیا اور سرفہرست چار سرمایہ کاروں کو ”ٹرمپ 18 قیراط سونے کی گھڑی“ (Trump 18K gold watch) پیش کی گئی۔
رپورٹس کے مطابق شرکاء بارش میں کھڑے ہو کر پنڈال میں داخل ہونے کا انتظار کرتے رہے اور اندر کا ماحول پہلی گالا تقریب کے مقابلے میں خاصا خاموش رہا، جہاں ماضی میں ٹکسیڈو پہنے مہمان لگژری اسپورٹس کاروں میں آئے تھے اور باہر مظاہرین نعرے لگا رہے تھے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ $Trump کوائن کی حمایت کے پیچھے ان کا مقصد امریکا کی معاشی مسابقت (Economic competitiveness) کو فروغ دینا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ”میں یہ امریکا کے لیے کر رہا ہوں … اگر ہم یہ نہیں کریں گے تو چین یہ کر لے گا۔“
گزشتہ سال عہدہ سنبھالنے کے بعد سے صدر ٹرمپ اس نوعیت کی دو مزید گالا تقریبات کی میزبانی کر چکے ہیں، جس پر ڈیموکریٹس نے صدر اور ان کے خاندان پر عہدے پر رہتے ہوئے مختلف شیئرز اور کرپٹو منصوبوں کے ذریعے اپنے برانڈ کو مالی فائدے کے لیے استعمال کرنے کے الزامات عائد کیے ہیں۔
وسط مدتی انتخابات (Midterms) میں نمایاں کامیابیوں کے بعد ڈیموکریٹس نے صدر ٹرمپ کے دورِ صدارت میں مفادات کے ٹکراؤ اور ذاتی دولت کی تحقیقات کرنے اور میم کوائن گالا ڈنر جیسی سرگرمیوں پر پابندی کے لیے قانون سازی لانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
گزشتہ ماہ سینیٹر ایڈم شیف (Adam Schiff) اور آٹھ دیگر امریکی سینیٹرز کے بھیجے گئے ایک خط میں کہا گیا کہ یہ عشائیہ اور اسکورنگ نظام $Trump میں سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے ترتیب دیا گیا دکھائی دیتا ہے، جس سے صدر کو اپنے منصب کا استعمال کرتے ہوئے ذاتی مالی فائدہ اٹھانے کا موقع ملتا ہے۔
جون میں جاری ہونے والے مالی انکشافات کے مطابق وائٹ ہاؤس واپسی کے بعد سے صدر ٹرمپ نے اپنے کرپٹو کاروبار سے 1 ارب ڈالر ($1bn) سے زائد کمائے ہیں، جن میں نئی کرپٹو مصنوعات فروخت کرنے والے ادارے ورلڈ لبرٹی فنانشل (World Liberty Financial) سے 50 کروڑ ڈالر ($500m) سے زیادہ اور حلف برداری سے چند روز قبل لانچ کیے گئے $Trump میم کوائنز کی فروخت سے 60 کروڑ ڈالر ($600m) شامل ہیں۔
غیر جانبدار صارف وکالت کے گروپ پبلک سٹیزن (Public Citizen) کی جانب سے خبر رساں ادارے رائٹرز (Reuters) کے لیے تیار کیے گئے بلاک چین ڈیٹا کے تجزیے کے مطابق اتوار کے عشائیے کے لیڈر بورڈ پر درج نصف سے زائد ڈیجیٹل والٹس براہِ راست ایسے کرپٹو ایکسچینجز سے منسلک تھے جو امریکا میں مقیم صارفین پر پابندی لگاتے ہیں، جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ ان کا تعلق غیر ملکی شہریوں سے ہے۔
رائٹرز کے ایک اور تجزیے کے مطابق ٹرمپ خاندان کے پانچ مرکزی کرپٹو منصوبوں میں بیرونی سرمایہ کاروں کو مجموعی طور پر 5 ارب ڈالر ($5bn) سے زائد کا نقصان ہوا ہے۔ دوسری جانب وائٹ ہاؤس نے فوری طور پر تبصرے کی درخواست کا جواب نہیں دیا، تاہم وائٹ ہاؤس کی ترجمان اینا کیلی (Anna Kelly) نے رواں سال کے اوائل میں رائٹرز کو بتایا تھا کہ ”نہ تو صدر اور نہ ہی ان کا خاندان کبھی مفادات کے ٹکراؤ میں ملوث رہا ہے اور نہ ہی کبھی ہوگا۔ صدر ٹرمپ نے ایگزیکٹو اقدامات کے ذریعے فخر کے ساتھ امریکا کو دنیا کا کرپٹو دارالحکومت بنایا ہے۔“





