لوڈ ہو رہا ہے...
00:00:00
ہیڈ لائنز

نیویارک میں سب وےاوربس کےکرائےبڑھنےکا امکان،مسافروں کی مشکلات میں اضافےکاخدشہ

لنک کاپی ہو گیا ہے!

John Doe

نیویارک (ویب ڈیسک): نیویارک سٹی میں عوامی ٹرانسپورٹ استعمال کرنے والے ہر پانچ میں سے ایک مسافر (20 فیصد) کا کہنا ہے کہ وہ سب وے اور بس کا موجودہ 3 ڈالر کرایہ ادا کرنے کی استطاعت نہیں رکھتا، جبکہ یہ چشم کشا سروے ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب میٹروپولیٹن ٹرانسپورٹیشن اتھارٹی (MTA) چند ہی ماہ بعد مارچ 2027ء میں کرایوں اور ٹول ٹیکس میں ایک بار پھر اضافے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔

(Community Service Society) کی تازہ رپورٹ کے مطابق ایم ٹی اے کرایوں اور ٹول سے حاصل ہونے والی آمدنی میں 4 فیصد اضافہ کرنا چاہتی ہے، جس کے تحت 3 ڈالر کے موجودہ کرائے میں متناسب اضافے سے سب وے اور بس کا کرایہ بڑھ کر 3.12 ڈالر تک جا سکتا ہے.

تاہم اتھارٹی نے ابھی تک باضابطہ طور پر حتمی نئے کرائے کا اعلان نہیں کیا اور اس اضافے کے لیے بورڈ کی منظوری درکار ہوگی۔

کمیونٹی سروس سوسائٹی کے سروے میں انکشاف کیا گیا ہے کہ کرایہ ادا کرنے میں شدید مشکلات کا شکار تقریباً 10 میں سے 3 مسافر اس لیے شہری حکومت کے آدھے کرائے والے پروگرام ’فیئر فیئرز‘ (Fair Fares) کے اہل نہیں ہو پاتے کیونکہ ان کی آمدنی مقررہ حد سے قدرے زیادہ ہے۔

تنظیم نے تجویز دی ہے کہ شہری فنڈز سے چلنے والے فیئر فیئرز پروگرام کی اہلیت کا معیار وفاقی خطِ غربت (Federal Poverty Level) کے 200 فیصد سے بڑھا کر 300 فیصد کیا جائے تاکہ غریب اور متوسط طبقے کے مسافروں کو ریلیف مل سکے۔

دوسری جانب نیویارک اسٹیٹ کمپٹرولر تھامس ڈی ناپولی (Thomas DiNapoli) کے دفتر نے 22 اکتوبر کو جاری کردہ رپورٹ میں خبردار کیا کہ 2027ء اور 2029ء میں کرایوں میں دو مجوزہ اضافوں کے باوجود ایم ٹی اے کو 2030ء تک تقریباً 900 ملین ڈالر کے بجٹ خسارے کا سامنا ہے۔

رپورٹ میں واضح کیا گیا کہ عوام پر کرایوں کا بوجھ ڈالنے کے بجائے اتھارٹی اپنے اخراجات پر قابو پائے اور کرایہ چوری (Fare Evasion) روکے بالخصوص عملے کے اوور ٹائم (Overtime) اخراجات کو لگام دی جائے جو گزشتہ سال 1.5 ارب ڈالر کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئے تھے اور رواں سال ستمبر تک اس حد کو بھی عبور کرنے کے قریب تھے۔

ادھر ایم ٹی اے کے چیئرمین جانو لیبر (Janno Lieber) اور گورنر کیتھی ہوچل (Kathy Hochul) امریکی کانگریس کے دونوں ایوانوں میں ڈیموکریٹس کی کامیابی کے بعد اب واشنگٹن سے بڑے وفاقی مالیاتی پیکج کی توقع لگائے بیٹھے ہیں۔

انتخابات کے فوراً بعد جاری پالیسی بریف میں ایم ٹی اے نے مؤقف اختیار کیا کہ شہری وفاقی حکومت کی پالیسیوں سے تنگ آ چکے ہیں اور اب وفاقی فنڈز کے ذریعے ریاستی و شہری فنڈز کا متبادل فراہم کیا جانا چاہیے۔