نیویارک (ویب ڈیسک): پاکستان نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل (UN Security Council) میں خلیجی خطے کی صورتحال اور عالمی امن و سلامتی پر اس کے اثرات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں خبردار کیا ہے کہ اہم سمندری گزرگاہوں (Maritime Chokepoints) پر جاری عدم استحکام نے نہ صرف علاقائی امن کو خطرے میں ڈال دیا ہےبلکہ اس سے توانائی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے اور عالمی غذائی عدم تحفظ (Global Food Insecurity) کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں، جس سے کمزور معیشتیں غیر متناسب طور پر متاثر ہو رہی ہیں۔
اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر سید حیدر شاہ (Ambassador Syed Haider Shah) نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ بین الاقوامی جہاز رانی کے حقوق اور آزادیوں کا احترام کیا جانا چاہیے، تجارتی بحری جہازوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے اور ضرورت مندوں تک انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امدادی سامان کی بلا روک ٹوک رسائی کو یقینی بنایا جائے۔
سفیر سید حیدر شاہ نے آبنائے ہرمز (Strait of Hormuz) کی غیر معمولی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ ایک انتہائی اہم سمندری تجارتی گزرگاہ ہے جہاں سے دنیا بھر میں تجارت ہونے والے خام تیل (Crude Oil) کا ایک تہائی حصہ اور عالمی کھاد (Fertilizer) کی تجارت کا ایک بڑا حصہ گزرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز کا جغرافیائی و تزویراتی محلِ وقوع اسے خطے کی سلامتی اور استحکام کے لیے بھی ناگزیر بناتا ہے۔
پاکستانی مستقل مندوب نے سلامتی کونسل کے فورم پر دوٹوک الفاظ میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان سمندری گزرگاہوں میں معمول کی آمدورفت کی بحالی، بحری جہازوں اور ان کے عملے کے تحفظ، اور محفوظ و بلا روک ٹوک تجارتی جہاز رانی کی مکمل حمایت کرتا ہے۔





