نیویارک (ویب ڈیسک): شدید سردی اور متوقع برف باری کے موسم کے لیے نیویارک شہر انتظامیہ نے ہنگامی بنیادوں پر تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔
نیویارک شہر کے میئر زہران ممدانی (Zohran Mamdani) نے پیر کے روز 25 ملین ڈالر کے جامع ونٹر پیکج کا باضابطہ اعلان کیا ہے، جس کا مقصد بے گھر افراد کی دیکھ بھال، برف باری کے دوران سڑکوں کی صفائی اور کرائے داروں کے لیے اپارٹمنٹس میں ہیٹنگ کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔
میئر زہران ممدانی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ “ہم نے اپنے کارکنوں کو تربیت دی ہے، آلات تیار کر لیے ہیں اور اپنے طریقہ کار کو مضبوط بنایا ہے کیونکہ نیویارک کے شہریوں کو محفوظ رکھنا پہلے برفانی طوفان کے آنے کے بعد شروع نہیں ہوتا بلکہ اس کی تیاری پہلے سے کی جاتی ہے”۔
نئے پلان کے تحت 300 سے زائد نئے آؤٹ ریچ ورکرز، موبائل میڈیکل یونٹس اور 800 نئے شیلٹر بیڈز کا اضافہ کیا گیا ہے۔ شدید ترین منفی درجہ حرارت (Code Blue) کے دوران، شہر 20 وارمنگ بسیں، 4 نئے وارمنگ سینٹرز اور 8 ڈراپ ان سینٹرز فعال کرے گا تاکہ سڑکوں پر موجود افراد کو گرمائش میسر آسکے۔
بس اسٹاپس اور کراس واکس کو صاف رکھنے کے لیے 120 مزید اسنو بلورز (Snow Blowers) فراہم کیے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ میئر آفس کے مطابق 3,000 سے زائد افراد نے ‘ایمرجنسی اسنو شوولر پروگرام’ میں رجسٹریشن کروا لی ہے، جس کے تحت برف ہٹانے والے کارکنوں کو 30 ڈالر فی گھنٹہ اجرت دی جائے گی۔
شہر میں ‘ہیٹ سیزن’ 31 قطعی مئی تک جاری رہتا ہے۔ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ گرم پانی یا اپارٹمنٹ ہیٹنگ کی عدم فراہمی کی ہر تحریری شکایت پر کارروائی کی جائے گی۔ کرائے دار ہیٹنگ کا مسئلہ حل نہ ہونے پر 311 پر مفت معائنہ کی درخواست درج کروا سکتے ہیں۔
عمارت مالکان کے لیے برف باری کے بعد فٹ پاتھ پر 4 فٹ چوڑا راستہ صاف کرنا قانونی طور پر لازمی ہوگا۔





