بیلگریڈ (ویب ڈیسک): جنوبی یورپ کے بالکن ملک سربیا میں اختتام پذیر ہونے والے سنسنی خیز اور تاریخی عام انتخابات کے نتیجے میں ایک نیا سیاسی انقلاب برپا ہو گیا ہے۔
کسی بھی حکومتی تجربے سے محروم طلباء کی نئی تحریک ‘اسٹوڈنٹ لسٹ’ (Student List) نے ملک پر 14 سال سے مسلسل حکمرانی کرنے والے قوم پرست اور آمریت پسند رہنما الیگزینڈر ووچچ (Aleksandar Vučić) کو تاریخی شکست سے دوچار کر کے لینڈ سلائیڈ فتح حاصل کر لی ہے۔

الیکشن سینٹر برائے فری الیکشنز اینڈ ڈیموکریسی (CeSID) کے حتمی نتائج کے مطابق اسٹوڈنٹ لسٹ نے 53 فیصد ووٹ حاصل کر کے 250 نشستوں والے پارلیمان میں 141 نشستیں اپنے نام کر لی ہیں۔ دوسری جانب سابق صدر ووچچ کی ‘سربین پروگریسو پارٹی’ (SNS) محض 39 فیصد ووٹ اور 103 نشستیں حاصل کر سکی۔ ووچچ نے اتوار کی دیر رات اپنی تاریخی شکست کو باضابطہ تسلیم کر لیا ہے۔

ووچچ کے 14 سالہ اقتدار کے خاتمے کا بنیادی نقطۂ آغاز نووی ساد (Novi Sad) ریلوے اسٹیشن کے شیڈ گرنے کا حادثہ بنا جس میں 16 افراد جان بحق ہوئے تھے اور جس کے بعد ملک بھر میں دو سال سے انسدادِ بدعنوانی اور شدید احتجاجی لہر جاری تھی۔
اسٹوڈنٹ لسٹ کے پلیٹ فارم میں پروفیسر، اسکالرز، ڈاکٹرز اور کسان شامل ہیں، لیکن ان کا کوئی ایک مرکزی قائد یا لیڈر نہیں ہے۔ لسٹ کے اہم رہنماؤں میں ماہرِ امراضِ قلب ڈاکٹر الیا سردانووچ، سابق سینٹرل بینک گورنر ڈیجان شوچک اور کیمسٹری کے پروفیسر رادومیر سائچ شامل ہیں۔ تحریک کا مقصد آزاد پولیس یونٹ قائم کرنا، میڈیا کی آزادی بحالی اور کرپشن کا خاتمہ ہے۔

جرمن چانسلر فریڈرک مرز اور یوکرینی صدر ولودی میر زیلنسکی نے سربیا میں جمہوریت کی بحالی اور اسٹوڈنٹ لسٹ کی زبردست فتح کا پرجوش خیرمقدم کیا ہے۔ دوسری جانب ووچچ نے اپنی شکست کا ملبہ یورپی ممالک اور امریکی “ڈیپ اسٹیٹ” پر ڈالا ہے۔
آئین کے تحت نئی پارلیمان کا اجلاس 30 دنوں کے اندر طلب کیا جائے گا جس کے بعد 90 دنوں میں نئی حکومت کی تشکیل ہوگی۔ اس کے علاوہ 27 دسمبر سے قبل ملک میں نئے صدارتی انتخابات کا انعقاد بھی لازمی ہو گا۔





