ابوظبی / ممبئی (ویب ڈیسک): بالی وڈ کے سپر اسٹار اور عالمی شہرت یافتہ اداکار شاہ رخ خان (Shah Rukh Khan) نے متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظبی میں ایک عظیم الشان موسیقی کے فیسٹیول ’یونیفائیڈ‘ (Unified Music Festival) کے انعقاد کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک روز پر محیط یہ رنگا رنگ فیسٹیول 20 مارچ 2027 کو ابوظبی کے مشہور جزیرے یاس پر واقع اتحاد لائیو (Etihad Arena) میں منعقد ہوگا۔
اس فیسٹیول کا بنیادی مقصد بھارتی موسیقی کے مختلف ادوار، نسلوں اور انداز کو ایک بین الاقوامی پلیٹ فارم پر یکجا کرنا ہے۔ اس میلے میں بھارت کے علاوہ مشرقِ وسطیٰ اور جنوبی ایشیا بھر سے لاکھوں موسیقی کے شائقین کی شرکت متوقع ہے۔
ایک روزہ اس فیسٹیول میں بھارت کے معروف ترین پس پردہ گلوکار اریجیت سنگھ (Arijit Singh) اور لیجنڈری گلوکار سونو نگم (Sonu Nigam) کے ساتھ ساتھ پنجابی موسیقی اور ریپ کی دنیا کے سُپر اسٹار کرن اوجلا (Karan Aujla) سمیت 15 سے زائد نامور فنکار اپنی آواز کا جادو جگائیں گے۔ منتظمین کے مطابق دیگر فنکاروں کے ناموں کا اعلان آنے والے دنوں میں کیا جائے گا۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے شاہ رخ خان نے کہا کہ “موسیقی لوگوں کو قریب لانے کی زبردست صلاحیت رکھتی ہے اور مختلف ثقافتوں اور برادریوں کو یکجا کرنے میں اس کا غیر معمولی کردار ہے۔ میں نے اپنی زندگی کا بڑا حصہ پردے پر کہانیاں سناتے ہوئے گزارا ہے اور دیکھا ہے کہ کس طرح کہانیاں اور فن لوگوں کے درمیان فاصلے مٹا دیتے ہیں”۔





