نیویارک (ویب ڈیسک):پاکستانی میڈیا انڈسٹری کی تاریخ میں ایک اور روشن باب کا اضافہ ہو گیا ہے جہاں دنیا کے مصروف ترین اور معروف ترین مقامات میں شمار ہونے والے نیویارک کے ٹائمز اسکوائر (Times Square) کی عظیم الشان ڈیجیٹل اسکرینز پر اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کے او ٹی ٹی (OTT) پلیٹ فارم ‘اے آر وائی پلس’ (ARY Plus) کی شاندار تشہیری مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ٹائمز اسکوائر پر دنیا بھر سے آنے والے لاکھوں سیاحوں کی موجودگی میں پاکستانی کہانیوں اور ثقافتی ورثے کو نمایاں کیا گیا، جو پاکستانی ڈاسپورا اور میڈیا کے لیے انتہائی قابلِ فخر لمحہ ہے۔
اس شاندار تقریب اور تاریخی موقع پر اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کے صدر اور بانی سلمان اقبال کا وژن ایک بار پھر عملی شکل میں دنیا کے سامنے آیا۔ سلمان اقبال کا عزم ہمیشہ سے پاکستانی ڈراموں، فلموں، ثقافت اور معیاری تفریح کو بین الاقوامی ناظرین تک پہنچانا رہا ہے تاکہ پاکستان کی سافٹ پاور کو عالمی سطح پر مزید مضبوط بنایا جا سکے
اس یادگار موقع پر اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جرجیس سیجا (Jerjees Seja) اور اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک نارتھ امریکہ کے چیف آپریٹنگ آفیسر آصف جمال (Asif Jamal) بھی خصوصی طور پر نیویارک کے ٹائمز اسکوائر میں موجود تھے۔ انہوں نے اس شاندار تشہیری مہم کا خود مشاہدہ کیا جس نے اس تقریب کو مزید یادگار بنا دیا۔

اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بانی و صدر سلمان اقبال نے کہا کہ “نیویارک کے تاریخی ٹائمز اسکوائر پر اے آر وائی پلس کی موجودگی ہمارے لیے فخر کا لمحہ ہے۔ ہمارا وژن ہمیشہ سے پاکستانی انٹرٹینمنٹ، ثقافت اور تخلیقی صلاحیتوں کو عالمی سطح پر متعارف کرانا رہا ہے۔ اے آر وائی پلس محض ایک ڈیجیٹل پلیٹ فارم نہیں بلکہ پاکستان کی کہانی دنیا تک پہنچانے کا ایک نیا ذریعہ ہے”۔
کراچی سے نیویارک کے ٹائمز اسکوائر تک کا یہ سفر اس بات کا غماز ہے کہ پاکستانی ڈیجیٹل میڈیا انڈسٹری اب بین الاقوامی افق پر تیزی سے ابھر رہی ہے۔ شمالی امریکہ میں مقیم پاکستانی اور جنوبی ایشیائی کمیونٹی کو معیاری تفریح اور اپنے ثقافتی ورثے سے جوڑنے کے لیے اے آر وائی نیٹ ورک کی یہ کاوشیں انتہائی اہمیت کی حامل ہیں۔






