لوڈ ہو رہا ہے...
00:00:00
ہیڈ لائنز

فرانس میں منفرداوخطرناک سائبرحملہ:ہیکرز نےسپرمارکیٹوں کےفریزرہیک کر کےسینکڑوں دکانوں کاکھاناخراب کردیا

لنک کاپی ہو گیا ہے!

John Doe

پیرس (ویب ڈیسک):فرانس بھر کی سپر مارکیٹوں اور گروسری اسٹورز کو ایک انتہائی غیر معمولی اور پیچیدہ سائبر حملے کا سامنا کرنا پڑا ہے، جس میں ہیکرز نے ملک بھر کے تقریباً 700 فوڈ ریٹیلرز کے ریفریجریشن سسٹمز پر آن لائن قبضہ کر کے فریزر اور فریج بند کر دیے، جس کے نتیجے میں لاکھوں ڈالر مالیت کی تازہ اور منجمد اشیائے خوردونوش منٹوں میں خراب ہو گئیں۔

فرانسیسی حکام اور فرانسیسی ایجنسی BFMTV کے مطابق، ہیکرز نے ڈیجیٹل ڈیوائسز کے ذریعے ریفریجریٹرز کے ’ڈی فروسٹ‘ (Defrost) سائیکلز کو فعال کر دیا جس سے فریزرز کا درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ (122 ڈگری فارن ہائیٹ) تک پہنچ گیا اور اشیاء پگھل کر خراب ہو گئیں۔

فرانس کے وزیرِ معیشت رولینڈ لیسکیور (Roland Lescure) نے پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے اس واقعے کو تمام اداروں کے لیے ایک بڑا ‘ویک اپ کال’ قرار دیا ہے۔

ماہرین کے مطابق ہیکرز نے ریفریجریٹرز کو کنٹرول کرنے والے آن لائن سافٹ ویئر (خصوصاً ڈینش کمپنی ‘Danfoss’ اور امریکی کمپنی ‘Copeland/Dixell’ کے پرانے اور غیر محفوظ سافٹ ویئرز) میں خامیوں کا فائدہ اٹھایا، جو سیکیورٹی اپ ڈیٹس نہ ہونے کی وجہ سے پبلک انٹرنیٹ پر کھلے ہوئے تھے۔

فرانس کے نامور برانڈز جن میں ‘کیری فور’ (Carrefour) کی 80 دکانیں، مونوپریکس (Monoprix) اور کوآپریٹو یو شامل ہیں شدید متاثر ہوئے۔ فرانس کے علاوہ اسپین، پرتگال، پولینڈ، جرمنی اور بیلجیئم میں بھی اس طرح کے واقعات کی رپورٹنگ ہوئی ہے۔

پیرس پراسیکیوٹر آفس نے قومی سطح پر اس بڑے سائبر حملے کی باضابطہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ابھی تک کسی گروپ یا فرد نے اس کی ذمہ داری قبول نہیں کی اور نہ ہی کوئی تاوان مانگا گیا ہے، جس سے ماہرین کا اندازہ ہے کہ اس کا مقصد صرف معاشی سرگرمیوں اور عوامی سکون کو برباد کرنا تھا۔