نیویارک :نیویارک سٹی کونسل اور ایلون مسک کی کمپنی (SpaceXAI) کے درمیان عدالت تک پہنچنے والا تنازع بالآخر اسپیکر جولی مینن (Julie Menin) کی کامیابی پر ختم ہو گیا ہے۔
کونسل کے سمن (Subpoena) کی خلاف ورزی کرنے پر قانونی کارروائی اور گرفتاری کی دھمکی کے بعد اسپیس ایکس اے آئی نے ہیرنگ میں پیش ہونے کی حامی بھر لی ہے اور وہ جمعہ کی صبح 10 بجے عوام کے سامنے پیش ہو کر سوالات کے جوابات دیں گے۔
گزشتہ ہفتے منعقد ہونے والی 10 گھنٹے طویل ہیرنگ میں مصنوعی ذہانت (AI) کمپنیوں اور وسل بلورز سے دنیا کے ممکنہ خاتمے اور ٹیکنالوجی کے بے قابو ہونے جیسے خطرناک موضوعات پر سخت بازپرس کی گئی تھی، تاہم اسپیس ایکس اے آئی کا اجلاس میں غیر حاضر رہنا کونسل کے لیے ناقابلِ قبول تھا۔
نیویارک اسٹیٹ کے قوانین کے مطابق سمن کی تعمیل نہ کرنے پر جرمانے، شیرف کے ذریعے گرفتاری اور جیل بھیجنے کی سزائیں دی جا سکتی ہیں۔ اسپیکر جولی مینن نے واضح کیا کہ سیلف ریگولیشن کافی نہیں ہے، اور عوام کو اس طاقتور ٹیکنالوجی کے بارے میں حقائق جاننے کا پورا حق ہے۔
پچھلی ہیرنگ میں اینتھروپک، اوپن اے آئی اور گوگل ڈیپ مائنڈ کے سابق محققین (Jacob Coxon, Daniel Kokotajlo, Alex Turner) نے گواہی دی تھی کہ موجودہ راستے پر چلتے ہوئے انسانیت کا اے آئی پر قابو کھو دینا اور انسانی نسل کا خاتمہ ایک حقیقی خطرہ ہے۔
ٹیکنالوجی کمیٹی کی چیئر مین کارمین ڈی لا روسا (Carmen De La Rosa) نے کہا کہ چونکہ ایلون مسک کی ٹیکنالوجی وفاقی سطح پر بھی استعمال ہو رہی ہے، اس لیے ڈیٹا پرائیویسی اور حفاظتی اقدامات پر سخت سوالات پوچھے جائیں گے۔





