سان فرانسسکو: یوٹیوب نے حال ہی میں ٹی وی اور گیمنگ کنسولز پر بعض صارفین کو سائن اِن نہ ہونے کے مسئلے کا حل پیش کیا تھا، لیکن اسی دوران ویب (Web) براؤزر استعمال کرنے والے صارفین کے ایک گروپ کو ایک اور نئے سائن اِن مسئلے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
گزشتہ تقریباً دو ہفتوں سے متعدد صارفین کی جانب سے رپورٹ کیا جا رہا ہے کہ ان کے گوگل اکاؤنٹس دیگر تمام گوگل سروسز (مثلاً جی میل، گوگل ڈرائیو وغیرہ) پر بالکل ٹھیک کام کر رہے ہیں، لیکن وہ اپنے کمپیوٹر براؤزر میں یوٹیوب پر سائن اِن کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ریڈٹ (Reddit) پر ایک متاثرہ صارف نے بتایا کہ اس نے براؤزر کی کوکیز اور ہسٹری صاف کی، مختلف ویب براؤزرز استعمال کیے، اِن کاگنیٹو (Incognito) موڈ کا سہارا لیا، پاس ورڈ تبدیل کیا اور یہاں تک کہ دوسرے کمپیوٹرز سے بھی سائن اِن کرنے کی کوشش کی، لیکن مسئلہ حل نہ ہو سکا۔
اس مسئلے کی دلچسپ اور عجیب بات یہ ہے کہ متاثرہ اکاؤنٹس یوٹیوب کی موبائل ایپ اور دیگر اینڈرائیڈ/آئی او ایس ڈیوائسز پر بالکل معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں، جبکہ صرف ویب ورژنز پر سائن اِن کا مسئلہ پیش آ رہا ہے۔
یوٹیوب کمیونٹی فورمز پر سامنے آنے والی دیگر رپورٹس کے مطابق صارفین اپنے گوگل اکاؤنٹس تک معمول کے مطابق رسائی حاصل کر پا رہے ہیں، اور ‘گوگل ڈیش بورڈ’ اور ‘گوگل ٹیک آؤٹ’ جیسے ٹولز بھی ان کے یوٹیوب ڈیٹا کو درست طور پر پہچان رہے ہیں، جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ مسئلہ بیک اینڈ پر یوٹیوب کے ویب انٹرفیس کا ہے۔





