تل ابیب:اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے دعویٰ کیا ہے کہ 27 اکتوبر کو ہونے والے عام انتخابات سے قبل اسرائیل کے دشمن ملک پر حملے کی کوشش کر سکتے ہیں۔
یہ بات انہوں نے منگل کے روز تل نوف ایئربیس (Tel Nof Airbase) کے دورے کے دوران کہی۔اگرچہ نیتن یاہو نے ان متوقع خطرات کے حوالے سے کسی مخصوص ملک، تنظیم یا گروہ کا نام ظاہر نہیں کیا اور نہ ہی انٹیلی جنس کی تفصیلات بتائیں، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ سیکیورٹی اداروں کے پاس اس طرح کے واضح اشارے موجود ہیں۔
دشمنوں کو سخت انتباہ: نیتن یاہو نے اپنے پیغام میں کہا: “ہمارے پاس ایسے اشارے ہیں کہ انتخابات سے قبل ہمارے دشمن ہم پر حملہ کرنے کی کوشش کریں گے۔ میں انہیں پیغام دینا چاہتا ہوں کہ ہمارے ساتھ الجھنے کی غلطی نہ کریں، ہماری پہنچ ہر جگہ اور ہر وقت تک ہے”۔
اسرائیل میں 27 اکتوبر کو عام انتخابات منعقد ہو رہے ہیں۔ نیتن یاہو اپنی انتخابی مہم میں قومی سلامتی اور سیکیورٹی کو بنیادی ایشو بنا کر خود کو ملک کا سب سے طاقتور اور تجربے کار محافظ ثابت کرنے کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہیں۔
اپوزیشن رہنما یائر لاپڈ (Yair Lapid) اور دیگر سیاسی رہنماؤں نے اس بیان کے بعد نیتن یاہو سے ہنگامی سیکیورٹی بریفنگ کا مطالبہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت واضح کرے کہ آیا یہ سیکیورٹی خطرات واقعی سنگین ہیں یا یہ صرف انتخابی مہم کے لیے سیاسی پینترا ہے۔
اپوزیشن کے مطالبے پر وزیراعظم آفس نے ملٹری سیکرٹری کو ہدایت کی ہے کہ وہ لاپڈ کو حالیہ سیکیورٹی صورتحال اور اطلاعات سے بریف کریں۔





