نیویارک:نیویارک شہر کے علاقے برونکس (Bronx) میں واقع سب وے کے آخری اسٹیشن پر اچانک آگ بھڑک اٹھنے کے باعث نمبر 2 سب وے ٹرین کی سروس کچھ دیر کے لیے معطل رہنے کے بعد معمولی تاخیر کے ساتھ دوبارہ بحال کر دی گئی ہے۔
ایم ٹی اے (MTA) کے حکام کے مطابق آگ گن ہل روڈ (Gun Hill Rd) اور ویک فیلڈ 241 اسٹریٹ (Wakefield-241 St) کے درمیان واقع اسٹیشن کے ایک اسٹوریج ایریا میں لگی جسے ملازمین کے لاکر روم کے طور پر استعمال کیا جاتا تھا۔ نیویارک فائر ڈیپارٹمنٹ (FDNY) کی ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر مکمل قابو پا لیا۔
ایم ٹی اے حکام نے تصدیق کی ہے کہ آتشزدگی کے اس واقعے میں کوئی بھی شخص زخمی نہیں ہوا اور تمام مسافر و عملہ محفوظ رہا۔
فائر ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے کلیئرنس ملنے کے بعد نمبر 2 ٹرین سروس کو دونوں سمتوں میں بحال کر دیا گیا ہے، تاہم ٹرینیں معمولی تاخیر کے ساتھ چل رہی ہیں۔
ایم ٹی اے اور فائر ڈیپارٹمنٹ کے حکام لاکر روم میں آگ لگنے کی بنیادی وجہ معلوم کرنے کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں۔
انتظامیہ نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سفر پر روانہ ہونے سے قبل ٹرینوں کے نئے اوقات کار اور اپ ڈیٹس چیک کر لیں۔





