نیویارک: ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں خبردار کیا ہے کہ دنیا بھر میں اسلام کے خلاف دشمنی اور تعصب (اسلامو فوبیا) ایک مہلک وبا کی طرح پھیل رہا ہے، جبکہ اقوام متحدہ کی اہمیت اور اثر انگیزی دن بدن کم ہوتی جا رہی ہے۔
ترک صدر نے اپنے خطاب میں فلسطینی عوام کے ساتھ روا رکھی جانے والی ناانصافیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے صدر محمود عباس کی مسلسل دوسرے سال جنرل اسمبلی کے اجلاس میں عدم موجودگی عالمی ضمیر پر ایک گہرا زخم اور شدید ناانصافی ہے۔
انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ترکیہ اس سال بھی آزاد اور خودمختار فلسطین کی مضبوط آواز بن کر اس عالمی پلیٹ فارم سے دنیا تک مظلوم فلسطینی عوام کا موقف پہنچاتا رہے گا۔
فلسطین کے علاوہ ترک صدر نے مسئلہ کشمیر کا بھی خصوصی ذکر کیا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے تنازع کا حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی منظور شدہ قراردادوں کے مطابق نکالا جانا انتہائی ضروری ہے تاکہ خطے میں پائیدار امن قائم ہو سکے۔




