کیریبیئن پریمیئر لیگ (CPL) 2026 میں اینٹیگا اینڈ باربوڈا فالکنز کی شاندار فتح اور چیمپئن بننے کے بعد کپتان معین علی نے اختتامی تقریب میں ‘فری فلسطین ہمیشہ’ کا نعرہ لگا کر سب کی توجہ حاصل کر لی۔میچ کے اختتام پر انعامات کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معین علی نے اس تاریخی کامیابی کو محض اپنی ذات کے بجائے اپنی پوری فرنچائز، ساتھی کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف اور مینجمنٹ کی انتھک محنت کا نتیجہ قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ کا یہ سفر آسان نہیں تھا، تاہم تمام کھلاڑیوں نے ایک دوسرے پر اعتماد کیا اور مشکلات کا مردانہ وار مقابلہ کر کے یہ خوشگوار لمحات حاصل کیے۔
ٹیم کی کارکردگی: معین علی نے فائنل اور پورے ٹورنامنٹ کے دوران اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں کی کھیل کے تمام شعبوں میں کارکردگی کی تعریف کی اور کہا کہ ہر فرد نے فتح میں اپنا کردار ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ میچ کے اہم مراحل میں شبنم (اوس) کی وجہ سے بھی کھیل پر اثر پڑا اور گیند پر گرپ قائم رکھنا دشوار ہوا، لیکن آخر میں فتح کے ساتھ ٹورنامنٹ کا اختتام ایک یادگار احساس ہے۔
کپتان نے اینٹیگا کے شائقین کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا جنہوں نے پورا سیزن ہوم گراؤنڈ پر ٹیم کو بھرپور سپورٹ فراہم کی اور کامیابی ان کے نام کی۔
اپنے جذباتی خطاب کے بالکل اختتام پر معین علی نے “فری فلسطین ہمیشہ” (Free Palestine Always) کا نعرہ لگایا، جس پر اسٹیڈیم میں موجود شائقین نے بھی ان کی حوصلہ افزائی کی۔





