لوڈ ہو رہا ہے...
00:00:00
ہیڈ لائنز

سفیرعاصم افتخارکاUNSCمیں خطاب،پیس کیپنگ مشنزکوواضح سمت دینےپرزور

لنک کاپی ہو گیا ہے!

John Doe

نیویارک: اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے سلامتی کونسل میں پیس کیپنگ (UN Peacekeeping) آپریشنز پر ہونے والے مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقوامِ متحدہ کے امن مشنز کی کامیابی کے لیے مضبوط سیاسی پشتیبانی، واضح سمت اور درکار وسائل کی فراہم انتہائی ضروری ہے۔

پاکستان کے مستقل مندوب نے سلامتی کونسل پر زور دیا کہ وہ امن مشنز کو پائیدار سیاسی حمایت اور مناسب وسائل فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ میزبان ممالک کی رضامندی کو عملی تعاون کی شکل میں ڈھلنا چاہیے، جس میں نقل و حرکت کی آزادی، رسائی اور طے شدہ منشور (Mandate) پر عملدرآمد کے لیے مکمل تعاون شامل ہے۔

سفیر عاصم افتخار احمد نے واضح کیا کہ “سیاسی حل کی ترجیح” کو اس کے درست تناظر میں سمجھنا ہوگا۔ امن مشنز کسی بھی سیاسی عمل کا متبادل نہیں ہو سکتے، لیکن اس اصول کو بے عملی اور سستی کا بہانہ بھی نہیں بنایا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ جب سیاسی عمل تعطل کا شکار ہو، تب بھی پیس کیپنگ مشنز تشدد کو روکنے، شہریوں کی حفاظت کرنے، جنگ بندی کو قائم رکھنے اور دوبارہ سیاسی مذاکرات کی راہ ہموار کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

پاکستان دنیا بھر میں اقوامِ متحدہ کے امن مشنز میں سب سے زیادہ افواج فراہم کرنے والے اہم ممالک میں سے ایک ہے اور اس نے ہمیشہ خطے اور دنیا بھر میں پائیدار امن کے قیام پر زور دیا ہے۔