ایمسٹرڈیم: نیدرلینڈز میں جاری ہاکی ورلڈ کپ میں پاکستان نے تاریخی کامیابی حاصل کرتے ہوئے جاپان کو ایک انتہائی سنسنی خیز اور دلچسپ مقابلے کے بعد 3 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دے دی ہے۔ 16 سال بعد ورلڈ کپ کی سطح پر پاکستان ہاکی ٹیم کی یہ پہلی فتح ہے۔
میچ کے آغاز میں جاپان نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 0-2 کی برتری حاصل کر لی تھی، تاہم قومی کھلاڑیوں نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے نہ صرف خسارہ پورا کیا بلکہ میچ اپنے نام کر کے یادگار کامیابی حاصل کی۔
پاکستان کی جانب سے رانا وحید اشرف نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے 2 گول اسکور کیے، جبکہ حنان شاہد اور حماد الدین نے ایک ایک گول کر کے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
پاکستان اور جاپان کے درمیان 2026 کے ہاکی ورلڈ کپ کوالیفائر میں بھی ایسا ہی مقابلہ دیکھا گیا تھا، جہاں پاکستان نے 0-2 کے خسارے سے واپسی کرتے ہوئے 4-3 سے ہی فتح حاصل کی تھی۔
ورلڈ کپ کی تاریخ میں پاکستان کی آخری فتح 2010 کے ورلڈ کپ میں اسپین کے خلاف (1-2) آئی تھی۔
پاکستان 2014 کے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہا تھا، جبکہ 2018 کے ایڈیشن میں قومی ٹیم ایک بھی میچ جیتنے میں ناکام رہی تھی۔




