نیویارک / اقوامِ متحدہ (ویب ڈیسک): اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل نمائندے سفیر عثمان جدون نے سلامتی کونسل کے اہم اجلاس کے دوران جنوبی سودان کی صورتحال اور اقوامِ متحدہ کے امن مشن (UNMISS) کی کارکردگی پر پاکستان کا باضابطہ موقف پیش کیا ہے۔
سلامتی کونسل کے بریفنگ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سفیر عثمان جدون نے افریقی یونین (African Union)، علاقائی تنظیم ‘اگاد’ (IGAD)، افریقی یونین کی اعلیٰ سطحی ایڈہاک کمیٹی اور تنزانیہ کے سابق صدر جکایا کیکویتی (Jakaya Kikwete) کی جانب سے جنوبی سودان میں سیکیورٹی اور سیاسی استحکام کے لیے جاری مسلسل کوششوں اور کردار کا خیرمقدم کیا۔
سفیر عثمان جدون نے اس بات پر زور دیا کہ افریقی خطے میں امن کے قیام کی ان تمام کوششوں کو افریقی یونین، اگاد اور اقوامِ متحدہ کے مشترکہ فریم ورک (AU-IGAD-UN Framework) کے تحت باہم مربوط بنایا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ان کاوشوں کو تمام متعلقہ فریقین کے ساتھ مسلسل اور پائیدار سیاسی بات چیت میں تبدیل کیا جائے تاکہ خطے کے مسائل کا ایک مستقل حل نکل سکے۔
پاکستان کے نائب نمائندے نے اپنے خطاب میں جنوبی سودان کے لیے اسلام آباد کی مسلسل غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا “پاکستان اقوامِ متحدہ کے امن مشن (UNMISS) کی مکمل حمایت جاری رکھے گا، اور جنوبی سودان میں پائیدار امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے کی جانے والی تمام عالمی و علاقائی کاوشوں کے ساتھ کھڑا رہے گا۔”
واضح رہے کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کے امن مشن میں سرکردہ فورس کنٹریبیوٹر ممالک میں شامل ہے اور دنیا بھر کے تنازع زدہ علاقوں بالخصوص افریقی ممالک میں امن و امان کے قیام کے لیے اس کا کردار عالمی سطح پر تسلیم کیا جاتا ہے۔





